ایک نیوز: معذور افراد کے عالمی دن کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے پیغام میں کہا ہے کہ آج دنیا بھر میں معذور افراد کا عالمی دن منایا جا رہا ہے ،یہ دن ہمارے معاشرے میں معذور افراد کے حقوق، وقار اور ان کی شمولیت کو فروغ دینے کے عالمی برادری کے اجتماعی عزم کی نشاندہی کرتا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اس سال کے عالمی دن کا موضوع ایک جامع اور پائیدار مستقبل کے لیے معذور افراد کی قیادت کو بڑھانا ہے،ایک زیادہ جامع دنیا جانب سفر کی قیادت ان لوگوں کو کرنی چاہیے جو اس کے چیلنجوں کو خود سمجھتے ہوں،ہم معذور افراد کو تعلیم، روزگار، صحت کی دیکھ بھال اور عوامی زندگی میں مساوی مواقع فراہم کرنے کے لئے بامعنی اقدامات کر رہے ہیں۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ ہماری حکومت ان جامع پالیسیوں کو نافذ کرنے کے لیے تندہی سے کام کر رہی ہے جو معذور افراد کو بااختیار بناتی ہیں،پالیسیاں ان کے لیے سماجی رکاوٹوں کو دور کرنے میں مددگار ثابت ہوں گی،یقینی بنا رہے ہیں کہ معذور افراد کا نقطہء نظر ہماری قومی ترقی کی پالیسی میں شامل ہو۔
وزیراعظم نے کہا کہ ایک ایسے معاشرے کی تعمیر کریں جو قائدین، اختراع کاروں، اور تبدیلی سازوں کے طور پر ان کی شراکت کو اہمیت دیتا ہومعذور افراد کے لیے دوستانہ قوانین کا نفاذ اس وژن میں مرکزی حیثیت رکھتا ہے، معذور افراد کی مدد کے لیے انتھک محنت کرنے والوں، ان کی نگہداشت کرنے والوں، وکالت کرنے والے افراد اور تنظیموں کے کام اور انکے تعاون کو سراہنا چاہیے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایسے ماحول پیدا کریں جہاں معذور افراد بطور رہنما اپنا کردار ادا کر سکیں، ہمیں ایسے رویوں کو چیلنج کرنے کے لیے بھی شعوری کوششیں کرنی چاہئیں جو معذور افراد امتیازی سلوک کو روا رکھتے ہیں۔
یہ دن معذور افراد کے حقوق کے اجتماعی عزم کی نشاندہی کرتا ہے:شہباز شریف
Dec 03, 2024 | 09:43 AM