ایک نیوز: سابق صدر آصف علی زرداری اور پاکستان پیپلزپارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور نے تمام سندھیوں کو ثقافت کا دن منانے پر مبارکباد پیش کی ہے۔
سابق صدر آصف علی زرداری کا سندھی ثقافت کے دن پر اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ سندھ کی ثقافت امن، محبت، بہادری، مہمان نوازی کی تاریخ ہے، قومیں اپنی ثقافت سے پہچانی جاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید نے پاکستان میں بسنے والی تمام قوموں کی ثقافت کو زندہ رکھنے کیلئے وزارت قائم کی، اسلام آباد میں قائم لوک ورثہ ملک میں بسنے والی قوموں کی ثقافت کی تاریخ بیان کرتا ہے۔
فریال تالپور
پاکستان پیپلزپارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور نے سندھ سمیت پورے ملک کے عوام کو یومِ ثقافت سندھ پر مبارکباد دی۔
فریال تالپور نے یومِ ثقافت سندھ پر اپنے پیغام میں کہا کہ وادیِ مہران کی ثقافت 5 ہزارسال قدیم اور عظیم تہذیب کی آئینہ دار ہے، سندھی ٹوپی، اجرک، آرٹ اور سندھی زبان کی ایک الگ پہچان ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان بے مثال ثقافتی میراث سے مالا مال سر زمین ہے، پاکستان کے اس عظیم میراث کو قائم ودائم رکھنے اور اسے اجاگر کرنے کیلئے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، میڈیا کو پاکستان کے تمام ثقافتوں کو اجاگر کرنے میں اپنا قائدانہ کردار ادا کرنا چاہیے۔