ایک نیوز:نگران وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے گلگت بلتستان کے علاقے چلاس میں مسافر بس پر فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے اور دہشت گردوں کی فائرنگ سے مسافروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے شہداء اور زخمی ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عام شہریوں کو نشانہ بنانا بزدلانہ کارروائی ہے،ملک دشمن عناصر گلگت بلتستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کی مذموم کوشش کر رہے ہیں،دہشت گردوں کی فائرنگ سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر انتہائی دکھ ہے۔
سرفراز احمد بگٹی نے کہا کہ ایسی بزدلانہ کارروائیاں ہمارے حوصلے مزید بلند کر دیتی ہیں،ملک دشمن گلگت بلتستان جیسے پرامن علاقے کا امن تباہ کرنا چاہتے ہیں،پاکستانی قوم کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔