ایک نیوز نیوز :یوکرین تنازعہ پر روس نے صدر ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ امریکی صدر جو بائیڈن کی مذاکرات کیلئے شرائط مسترد کر دیں۔
تفصیلات کےمطابق کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے کہا کہ اگر واشنگٹن کی شرط یہ ہے کہ روس یوکرین سے نکل جائے تو ماسکو مذاکرات میں داخل ہونے کے لیے تیار نہیں ،ترجمان کے مطابق صدر ولادیمیر پیوٹن یوکرین میں فوجی آپریشن جاری رکھیں گے لیکن ساتھ ہی وہ مذاکرات کے لیے بھی تیار ہیں۔
واضح رہے کہ امریکی صدر بائیڈن نے کہا تھا کہ وہ اپنے روسی ہم منصب سے یوکرین میں جنگ کے بارے میں بات کریں گے اگر پیوٹن حملے کو ختم کرنے میں سنجیدہ ہیں۔انہوں نے پہلے کہا تھا کہ یوکرین کے رہنما امن مذاکرات کب منعقد کرنے کا فیصلہ کر سکتے ہیں۔بلومبرگ نیوز ایجنسی نے پیسکوف کے حوالے سے کہا کہ خصوصی فوجی آپریشن (یوکرین میں) جاری ہے لیکن ساتھ ہی انہوں نے اس بات پر زور دیاکہ یہ بھی ضروری ہے کہ صدر پیوٹن مذاکرات کے لیے رابطے کھلےرکھیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ یقیناً اپنے مفادات کے حصول کے لیے سفارتی ذرائع کا استعمال زیادہ بہتر ہے۔