ایک نیوز نیوز: عمران خان کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش کے معاملے پر سابق وزیراعظم اور قائد مسلم لیگ ن نواز شریف نے تحفظات کا اظہار کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کے بعد اتحادی رہنماؤں سے مشاورت کریں گے۔ ذرائع کے مطابق عمران خان کو غیر مشروط بات چیت کا پیغام بھجوایا جائے گا۔ اصلاحات کے بغیر الیکشن میں نہیں جایا جائے گا۔ حکومت عمران خان کو مذاکرات کے لیے پارلیمنٹ میں واپسی کی دعوت دے گی۔
ذرائع کے مطابق تحریک انصاف سے مذاکرات میں آصف زرداری اور اسحاق ڈار اہم کردار ادا کریں گے اور سنجیدہ مذاکرات کے لئے تحریک انصاف کو شرائط کے بغیر ہاتھ بڑھانا ہوگا۔
لیگی رہنماؤں نے نواز شریف کی ہدایت کے بعد عمران خان کی مذاکرات کا معاملہ اتحادیوں کے سامنے رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف اسلام آباد واپسی پر پی ڈی ایم قائدین اور آصف زرداری سے مشاورت کریں گے۔
لیگی ذرائع کے مطابق مسلم لیگ غیرمشروط مذاکرات کےلیے تیار ہے مگر بات چیت پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے ہوگی۔ انتخابی اصلاحات سمیت تمام ایشوز پر بات چیت اتحادیوں کو اعتماد میں لیکر ہوگی۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف نے عمران خان کے اعلان کے حوالے سے تحفظات کا بھی اظہار کیا ہے۔ اس حوالے سے پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس بھی بلایا جائے گا۔ پس پردہ رابطوں کے بعد سیاسی استحکام کے لیے فریقین کو مذاکرات کی میز پر بٹھانے کوششیں جاری ہیں۔