اسلام آباد ہائی کورٹ حملہ: توہین عدالت کیس کا تحریری حکم نامہ جاری 

Dec 03, 2022 | 13:54 PM

ایک نیوز نیوز: اسلام آباد ہائی کورٹ نے عدالت حملہ کیس میں توہین عدالت کے مرتکب وکلاء کیس کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔

تفصیلات کے مطابق حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ توہین عدالت کیس میں نامزد وکلا نے عدالت سے غیر مشروط معافی مانگ لی ۔ جو وکلا پیش ہوئے ان کے بیان حلفی کا جائزہ عدالت آئندہ سماعت پر لے گی۔ جو وکلا پیش نہیں ہوئے ان کے لیے کیس کی سماعت تین ہفتوں تک ملتوی کی جاتی ہے۔ 

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب تحریری حکمنامہ جاری کیا۔ 

حکمنامے میں لکھا ہے کہ وکلا نے بیان حلفی میں 8 فروری 2021 کے واقعے پر معافی مانگی اور پچھتاوے کا اظہار کیا ہے۔ وکلاء نے یقین دہانی کروائی ہے کہ آئندہ کبھی بھی ایسا کام نہیں کریں گے جس سے عدالت کے تقدس پر حرف آئے۔ وکلاء نے بیان حلفی میں کہا وہ خود کو عدالت کے رحم و کرم پر چھوڑتے ہیں۔

حکمنامے میں لکھا ہے کہ بیان حلفی کے متن کا عدالت آئندہ سماعت پر جائزہ لے گی۔ وکلاء کی طرف سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق وہ حراست میں بھی رہ چکے ہیں۔ عدالت نے تین ہفتوں بعد کیس سماعت کے لیے مقرر کرنے کا حکم دیا ہے۔ 

یاد رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ پر حملے کے الزام میں وکلاء کیخلاف توہین عدالت کا آغاز کیا گیا تھا۔ آٹھ فروری 2021 کو ہائی کورٹ حملہ کا واقعہ پیش آیا تھا۔

مزیدخبریں