ایک نیوز نیوز: مستقبل میں ڈاکٹر بننے کے خواہشمند طلباء کے لیے بڑی خبر، سرکاری میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں آئندہ تعلیمی سال کیلئے درخواستیں آج سے وصول کی جارہی ہیں۔
ترجمان یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (یوایچ ایس) کے مطابق درخواستیں بنک آف پنجاب کے آن لائن پورٹل کے ذریعے وصول کی جائیں گی۔ پورٹل کا لنک :www.bop.com.pk/UHS-2022/Login.aspx ہے۔ آن لائن درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 12 دسمبر ہے۔
ترجمان کے مطابق امیدواروں کے لئے یہ لنک آج سہ پہر سے فعال ہو جائے گا۔ سرکاری میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں کے داخلے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیر اہتمام کیے جائیں گے۔
ترجمان کے مطابق ایف ایس سی میں 60فیصد یا زائد نمبر لینے والے امیدوار درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔ اس کے علاوہ سرکاری میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلے کیلئے پنجاب کا ڈومیسائل ہونا لازمی ہے۔ اسلام آباد کا ڈومیسائل رکھنے والے امیدوار پنجاب میں اوپن میرٹ سیٹوں پر داخلے کیلئے اپلائی کرسکتے ہیں
ترجمان کے مطابق ایم بی بی ایس میں داخلے کیلئے ایم ڈی کیٹ میں 55فیصد اور
بی ڈی ایس میں داخلے کیلئے ایم ڈی کیٹ میں 45فیصد یا زائد نمبر ہونا لازمی ہیں۔ میرٹ کی تقسیم میں میٹرک 10 فیصد، ایف ایس سی 40فیصد اور ایم ڈی کیٹ کے 50فیصد نمبر شامل کیے جائیں گے۔ سرکاری میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلے کی درخواست کی پراسسنگ فیس ایک ہزار روپے ہے۔
ترجمان کے مطابق امیدوار اپنا آن لائن فارم بھرنے کے بعد پراسیسنگ فیس بینک آف پنجاب کی کسی بھی شاخ میں جمع کراسکتے ہیں۔ حافظ قرآن ٹیسٹ اور میڈیکل بورڈ 10سے 13دسمبر کے دوران ہوگا۔ عبوری میرٹ لسٹ15دسمبر کو یو ایچ ایس کی ویب سائٹ پر جاری کی جائیگی۔
ترجمان کے مطابق ایم بی بی ایس کیلئے پہلی سلیکشن لسٹ19دسمبر کو جبکہ بی ڈی ایس کیلئے 16جنوری2023کو جاری کی جائے گی۔ داخلے پاکستان میڈیکل کمیشن اورحکومت پنجاب کی ایڈمیشن پالیسی برائے سیشن23-2022کے تحت مکمل ہوں گے۔ پنجاب کے سرکاری میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں کلاسوں کا آغاز یکم مارچ2023سے ہوگا۔
ترجمان کے مطابق رواں سال کالجوں میں فیس جمع کروانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ طلبا اپنی فیس جمع کروانے کے لیے بینک آف پنجاب کے پورٹل سے آن لائن چالان فارم حاصل کریں گے۔ جس کے بعد فیس بینک آف پنجاب کی کسی بھی برانچ میں جمع کروائی جاسکے گی۔
ترجمان کے مطابق ایم بی بی ایس کی اوپن میرٹ سیٹیں 3047ہیں۔ بی ڈی ایس کی اوپن میرٹ سیٹیں 189ہیں۔ ایم بی بی ایس کوٹہ سیٹوں کی تعداد329ہے جبکہ بی ڈی ایس کوٹہ سیٹوں کی تعداد51ہے۔