بھیک ملنے کی لالچ، سفاک باپ نے ڈیڑھ سالہ بچی کو جلاکر قتل کردیا

بھیک ملنے کی لالچ، سفاک باپ نے ڈیڑھ سالہ بچی کو جلاکر قتل کردیا
کیپشن: Greed to get alms, the cruel father burned and killed a one and a half year old girl

ایک نیوز: کراچی کے علاقے کورنگی میں شیرخوار بچی کو سفاک باپ کے ہاتھوں جلا کر قتل کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ 

پولیس ذرائع نے ابتدائی تحقیق میں بھیک میں بھاری رقم ملنے کی لالچ میں ڈیڑھ سالہ بچی کو جلائے جانے کا انکشاف کیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ باپ 26 اور 27 جولائی کی رات بچی کو لے کر گھر سے نکلا۔ باپ نے نامعلوم مقام پر لے جاکر بچی کو جلایا۔ بچی کو جلانے کے بعد باپ بچی کو واپس گھر لے آیا۔ باپ روزانہ جلی ہوئی بچی کو اس کی ماں کو تھما دیتا۔ ماں جلی ہوئی بچی لئے دربدر بھیک مانگتی رہتی۔ 

انکشاف ہوا ہے کہ بھیک مانگ کر واپس گھر جاتی تو خود سے بچی کی مرہم پٹی کرتی۔ بچی جلن کے باعث شدید تکلیف کا شکار تھی۔ گزشتہ رات وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔ جس کے بعد بچی کی نانی مردہ بچی کو لے کر تھانے پہنچی۔

پولیس نے ابتدائی تفتیش کے بعد بچی کی لاش اسپتال منتقل کردی۔ پولیس ذرائع کے مطابق بچی کے فوت ہونے کے بعد سے بچی کا باپ فرار ہے، بچی کے باپ کی تلاش میں اہلکاروں کی ایک ٹیم روانہ کردی گئی ہے، پولیس بچی کے باپ کی تلاش میں چھاپے مار رہی ہے۔ پولیس نے امید ظاہر کی ہے کہ بچی کا باپ جلد پولیس کے شکنجے میں ہوگا۔