پاک بھارت ٹاکرےکا جنون، ہوٹلوں اور پروازوں کےکرایوں میں ہوش ربا اضافہ

پاک بھارت ٹاکرےکا جنون، ہوٹلوں اور پروازوں کےکرایوں میں ہوش ربا اضافہ

ایک نیوز : دنیائے کرکٹ کا سب سے بڑے مقابلہ کے کئی ماہ قبل ہی احمد آباد بھارت  میں میچ کے روز مقامی پروازوں کے ساتھ ساتھ ہوٹلوں کے کرایوں میں کئی سو فیصد کا اضافہ ہو گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق آئی سی سی ورلڈ کپ 5 اکتوبر سے 19 نومبر تک بھارت میں کھیلا جائے گا۔ روایتی حریف بھارت اور پاکستان کے درمیان میچ احمد آباد کے نریندر مودی سٹیڈیم میں ہو گا۔توقع یہی کی جا رہی ہے کہ یہ عالمی کپ کا سب سے زیادہ دیکھا جانے والا میچ ہو گا۔ عالمی کپ کا افتتاحی اور فائنل میچ بھی احمد آباد کے اسی سٹیڈیم میں کھیلے جائے گا جہاں ایک لاکھ سے زیادہ شائقین کی گنجائش موجود ہے۔ماہرین کا کہنا ہےکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے بڑے میچ کو دیکھنے کی مانگ ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ اور فائنل سے بھی کئی گنا زیادہ ہے۔
 5 ہزار والی ائیر ٹکٹ 22 ہزار کی:
میچ سے ایک روز قبل 14 اکتوبر کو ممبئی اور دلی سے احمد آباد جانے والی پروازوں کا کرایہ 15 ہزار سے 22 ہزار روپے کے درمیان تک جا پہنچا ہے، جو عام طور پر تین سے چار ہزار روپے ہوتا ہے۔یہی صورتحال جے پور، کوچین اور بنگلور سے احمد آباد جانے والی پروازوں کی ہے۔ 14 اور 15 اکتوبر کی پروازوں میں کئی گنا اضافہ ہو گیا ہے۔دہلی سے احمد آباد کی ایک طرف کی پرواز کا اوسط کرایہ تقریباً 5 ہزار روپے ہوتا ہے لیکن اس سال اکتوبر میں انڈیگو کی پروازوں کا کرایہ 12 ہزار اور ویستارا کا 22 ہزار روپے تک پہنچ گیا ہے۔
 ستمبر کے اختتام تک دلی سے احمد آباد کی پروازوں کے کرائے میں کئی گنا اضافہ ہو سکتا ہے اور اس کی ایک بہت بڑی وجہ پاک، بھارت میچ ہے۔ پاک بھارت میچ کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل  سے بھی اہم ہے۔
ٹریول ایجنٹ ویریندر شاہ  کا کہناہےکہ ابھی تک 5 اکتوبر کو عالمی کپ کے افتتاحی میچ اور 19 نومبر کے فائنل کے لیے وہ مانگ نہیں جو بھارت اور پاکستان کے میچ کے لیے نظر آ رہی ہے۔انڈیا اور پاکستان کے درمیان میچ میں شائقین کی غیر معمولی دلچسپی سے احمد آباد میں ہوٹلوں اور گیسٹ ہاؤسز کے کرایوں میں بھی اکتوبر کے مہینے میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔ بعض ہوٹلوں کے ایک رات کے کرائے میں پانچ گنا تک اضافہ ہو گیا ہے۔
 ہوٹل میں ایک رات کا کرایہ 90 ہزار
جب سے میچ کی تاریخوں اور مقام کا باضابطہ طور پر اعلان ہوا ہے تب سے ہوٹلوں کے ایک رات کے کرائے میں پانچ گنا تک اضافہ ہو چکا ہے۔ بعض لگژری ہوٹل ایک رات کیلئے 50 ہزار روپے تک چارج کر رہے ہیں۔ احمد آباد کے میریٹ، ہلٹن اور تاج سکائی لائن لگژری ہوٹل کے سبھی کمرے 15 تاریخ کیلئے بُک ہو چکے ہیں اور اس تاریخ کے لیے کوئی کمرہ دستیاب نہیں ہے۔ 15 اکتوبر کو کئی ہوٹلوں کے کمروں کا کرایہ 90 ہزار روپے تک پہنچ گیا ہے۔