محسن نقوی کا مختلف تھانوں کا دورہ، رشوت لینے پرکانسٹیبل گرفتار، حالت زار پر اظہاربرہمی

محسن نقوی کا مختلف تھانوں کا دورہ، رشوت لینے پرکانسٹیبل گرفتار، حالت زار پر اظہاربرہمی
کیپشن: Mohsin Naqvi visited different police stations, arrested a constable for taking bribe, expressed his anger at the situation

ایک نیوز: نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے تھانہ مزنگ اورتھانہ سول لائنز کا دورہ کیا ہے۔ جہاں سائلین نے رشوت کی شکایات کے انبار لگادیے۔ دونوں تھانوں کی بری حالت اور صفائی کے ناقص انتظامات پائے گئے۔

تفصیلات کے مطابق فرنٹ ڈیسک درست کام نہیں کررہا تھا اور عملہ تسلی بخش جواب بھی نہ دے سکا۔ محسن نقوی سے تھانوں میں موجود لوگوں نے دادرسی نہ ہونے کے حوالے سے شکایات کیں۔ 

ایک لڑکے کی جانب سے رشوت لینے کی شکایت پر کانسٹیبل کو گرفتار کرلیا گیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی کی ہدایت پرلڑکے سے لی گئی رشوت کی رقم واپس کی گئی۔ انہوں نے رشوت لینے والے کانسٹیبل کے خلاف محکمانہ کارروائی کا بھی حکم دیا۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے دونوں تھانوں کی حالت زار دیکھ کر شدید برہمی کا اظہار کیا اور انسپکٹر جنرل پولیس کو تین روز کے اندر دونوں تھانوں میں بہتری لانے کی ہدایت کی۔ 

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے تھانوں میں موجودسائلین سے ان کے کیسز کے بارے میں پوچھا۔ وزیراعلیٰ نے سائلین کی فوری دادرسی کے لئے موقع پر ہی احکامات دیے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے حوالات میں بندقیدیوں سے ان کے کیسز کے بارے استفسار کیا۔ اس کے علاوہ فرنٹ ڈیسک میں درج ہونے والے درخواستوں پر کارروائی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے بعض درخواستوں پر مزید کارروائی نہ ہونے پر ناراضگی کا اظہار بھی کیا۔ 

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے تھانے میں روزنامچہ چیک کیا۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ دونوں تھانوں کا دورہ کر کے مایوسی اورزمینی حقائق سے آگاہی ہوئی۔ تھانوں میں مظلوم کی دادرسی کاموثر نظام ہی انصاف کی بنیادہے۔ دونوں تھانوں کو بہتر بنانے کیلئے آئی جی پولیس کو ٹاسک دے دیا ہے۔

اس موقع پر نگران صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر بھی ان کے ہمراہ تھے۔