ریڈ زون داخلے پر پابندی ، قانون ہاتھ میں لیا تو پھر گلہ نہ کرنا : رانا ثنااللہ کی وارننگ

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کی پریس کانفرنس
کیپشن: rana sana ullah press conference

ایک نیوز نیوز: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ  پی ٹی آئی فارن ایجنٹ ثابت ہو چکی ہے۔کل پی ٹی آئی والے الیکشن کمیشن پر حملہ آور ہو سکتے ہیں۔ اسلام آباد کے ریڈ زون میں کسی کو احتجاج کی اجازت نہیں دی جائے گی، اگر کسی نے قانون کو ہاتھ میں لیا تو سختی سے نمٹا جائے گا۔ 

 
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اسلام آباد کے ریڈ زون میں کسی کو احتجاج کی اجازت نہیں دی جائے گی، کل پی ٹی آئی والے الیکشن کمیشن پر حملہ آور ہو سکتے ہیں، اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریڈ زون میں احتجاج پر پابندی رکھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریڈ زون میں کسی نے داخل ہونے کی کوشش کی تو پھر گلہ نہیں کرنا، متنبہ کرتا ہوں ریڈ زون کے اندر داخل ہونے کی کوشش نہ کریں، الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج کی اجازت نہیں ہے، پی ٹی آئی کل احتجاج کے نام پر انتشار پھیلانا چاہتی ہے، ٹیئر گیس کے استعمال کو بھی پھر آپ ظلم اور بربریت سمجھتے ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا ہےکہ  حکومت مصدقہ ثبوتوں پر ڈکلیریشن دے سکتی ہے کہ پی ٹی آئی فارن ایڈ پارٹی ہے اور  اگر سپریم کورٹ یہ ڈکلیریشن برقرار رکھتی ہے تو پارٹی تحلیل ہوجائے گی۔

قبل ازیں  رانا ثنااللہ نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا الیکشن کمیشن نے سو فیصد درست فیصلہ کیا ہے اور اس کے فیصلے نے ثابت کیا کہ پی ٹی آئی ایک فارن فنڈڈ پارٹی ہے، اس نے ریکارڈ میں جعل سازی کی اور اکاؤنٹس چھپائے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی 34غیر ملکی شہریوں اور 351 کمپنیوں سے فنڈز لیتی رہی، پولیٹیکل پارٹی ایکٹ اور الیکشن ایکٹ کے مطابق بھی ممنوعہ فنڈنگ جرم ہے، حکومت ان مصدقہ ثبوتوں پر ڈکلیریشن دے سکتی ہے کہ پی ٹی آئی فارن ایڈ پارٹی ہے، اگر سپریم کورٹ یہ ڈکلیریشن برقرار رکھتی ہے تو پارٹی تحلیل ہوجائے گی۔

وزیر داخلہ کاکہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے نے عمران کو جھوٹا اور جعل ساز ثابت کیا، حکومتی اتحاد کی میٹنگ میں فیصلے کے بعد کا لائحہ عمل بنایا گیا ہے، قوم کو عمران خان سے متعلق آگاہ کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں  نے مزید کہا کہ عمران خان سیاست میں رہے گا تو جمہوریت رہے گی اور نہ ہی سیاست آگے بڑھ سکتی ہے، اس کی رعونیت اور تکبر ہے، یہ کہتا ہےکہ ملک کے دشمنوں سے بات کرسکتا ہوں مگر سیاسی مخالفین سے بات نہیں کرسکتا۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے گزشتہ روز پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ سنایا جس کے مطابق تحریک انصاف پر ممنوعہ فنڈنگ ثابت ہوگئی ہے۔