ایک نیوز نیوز:ڈیرہ غازی خان میں حالیہ بارشوں اور سیلاب کے دوران 22 افراد جاں بحق ہوئے،سیلاب سے4 لاکھ 33 ہزار 542ایکڑ رقبہ اور236 مواضعات زیرآب آئے جبکہ 1 لاکھ 76 ہزارایکڑ فصلیں تباہ ہوگئیں۔
کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن عثمان انور کے مطابق حالیہ مون سون بارشوں اور برساتی ندی نالوں کے سیلاب سے ڈی جی خان ڈویژن میں مجموعی طور پر22 افراد جاں بحق ہوئےہیں۔
ان میں سے17 افراد سیلاب اور5 افراد چھتیں گرنے کے مختلف واقعات میں جاں بحق ہوئے ہیں۔
سیلاب سے ڈی جی خان اور راجن پور اضلاع کے کل 236 مواضعات متاثر ہوئے جبکہ 10 ہزار 349 گھروں کو مکمل اور جزوی نقصان پہنچا۔
سیلاب سے ان دونوں اضلاع میں 4 لاکھ 33 ہزار542 ایکڑ رقبہ زیرآب آیا اور 1 لاکھ 19 ہزار 886 افراد متاثر ہوئے جبکہ 1 لاکھ 76 ہزار ایکڑ رقبہ پر کاشت فصلیں تباہ ہوئی ہیں۔
کمشنر عثمان انور نے دعویٰ کیا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں تیزی سے جاری ہیں اور اب تک سیلاب متاثرین میں 8 ہزار خیمے جبکہ ساڑھے 6 ہزار سے زائد راشن کے بیگ تقسیم کئے جا چکے ہیں کمشنر عثمان انور کا کہنا تھاکہ روزانہ کی بنیاد پر10 ہزار افراد کو ان کے گھروں کے قریب پکا ہوا کھانا بھی تقسیم کیاجارہا ہے،انکا مزید کہناتھاکہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں آئندہ ہفتے سے بحالی کے کاموں کا آغاز کردیا جائے گا۔