یوم شہدائے پولیس کل عقیدت اوراحترام کیساتھ منایا جائے گا

Aug 03, 2022 | 14:10 PM

JAWAD MALIK

ایک نیوز نیوز: ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ صوبہ بھر میں 4 اگست کو”یوم شہدائے پولیس“روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منائے گی۔

تفصیلات کے مطابق صوبے کی تمام پولیس لائنز اور یادگار شہداء پر شہدائے پولیس کے اعزاز میں خصوصی تقاریب کا انعقاد کیا جائے گا،پولیس کے چاق و چوبند دستے شہداء کی لازوال قربانی کو سلامی و خراج تحسین پیش کریں گے،فرائض کی ادائیگی کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے پنجاب پولیس کے شہداء کی مجموعی تعداد 1573 ہے، لاہور پولیس 320، روالپنڈی پولیس 112، فیصل آباد پولیس 105 جبکہ گوجرانوالہ پولیس 99 شہداء کی امین فورس ہے،پی سی، پی ایچ پی،ایلیٹ،ٹریفک پولیس،سپیشل برانچ، سی ٹی ڈی،ٹیلی کمیونیکیشن اورپی ٹی ایس کے جوانوں نے بھی راہ حق میں شہادت کا عظیم مقام حاصل کیا۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ان بہادر شہداء نے قیام امن اور شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کے دوران جام شہادت نوش کیا،جی پی او چوک دھماکہ،سری لنکن ٹیم پردہشت گردی، مناواں سنٹر حملہ، سانحہ چئیرنگ کراس سمیت دیگر واقعات میں پولیس کے جوانوں نے قربانیاں پیش کیں،پنجاب پولیس کے سپوتوں نے اپنی لازوال قربانیوں سے محکمہ پولیس کی عزت و تکریم کو چار چاند لگائے ہیں۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق 4 اگست کو ہونے والے پروگرامز میں شہداء کی فیملیز کو مہمان خصوصی کے طور پر مدعو کیا جائے گا،راہ حق میں جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے تمام شہداء کی خدمات کو سراہا جائے گا۔

مزیدخبریں