پنجاب کے چار اضلاع میں آج سے لاک ڈاؤن ، تفصیلات سامنے آگئیں

Aug 03, 2021 | 13:08 PM

admin
لاہور: کورونا کے بڑھتے کیسزروکنے کے لیے این سی او سی کی سفارشات پر پنجاب کے 4اضلاع میں لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا۔ آج سے 31اگست تک مارکیٹیں اور دکانیں رات آٹھ بجے بند ہوں گی ، اِن ڈور ڈائننگ پر بھی پابندی ہوگی ۔

سیکرٹری ہیلتھ پنجاب سارہ اسلم نے لاک ڈاؤن کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ لاک ڈاؤن 3 اگست سے 31 اگست تک نافذالعمل رہے گا۔نوٹیفکیشن کا اطلاق لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، اور ملتان میں ہوگا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق تمام کاروباری مراکز کے اوقات کار رات 8 بجے تک ہوں گے، ہفتہ اور اتوار کو تمام کاروباری سرگرمیاں معطل رہیں گی، میڈیکل سروسز، فارمیسیز، طبی مراکز صحت 24 گھنٹے کام کر سکتے ہیں، ویکسین سینٹرز پورا ہفتہ 24 گھنٹے کام کر سکتے ہیں۔

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا کہ پٹرول پمپ، تندور، بیکریاں پورا ہفتہ 24 گھنٹے کام کر سکتی ہیں، کریانہ سٹور، ڈیری اور سویٹ شاپس پورا ہفتہ 24 گھنٹے کام کر سکتی ہیں، پھل اور سبزی کی دکانیں پورا ہفتہ 24 گھنٹے کھلی رہیں گی، چکن اور میٹ کی دکانیں پورا ہفتہ 24 گھنٹے کھلی رہیں گی، فوڈ ڈلیوری اینڈ ای کامرس سروسز پورا ہفتہ 24 گھنٹے کھلی رہیں گی۔

کال سینٹرز، میڈیا ہاوسز، آٹو ورکشاپس پورا ہفتہ 24 گھنٹے کھلی رہیں گی۔ آئل ڈپو اور منڈیاں پورا ہفتہ 24 گھنٹے کھلی رہیں گی۔ تمام قسم کی منڈیاں ( سبزی، پھل،اناج ،مویشی) ہفتہ بھر کھلی رہیں گی۔ میڈیکل سٹورز، مراکز صحت، ویکسین سنٹرز کو 24 گھنٹے 7 دن کام کرنے کی اجازت ہوگی۔ م مزارات پر مکمل پابندی عائد ہوگی، تمام سینما گھر مکمل بند رہیں گے۔ سرکاری و نجی دفاتر 50 فیصد عملہ کے ساتھ کام کر سکتے ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ان ڈور ڈائننگ پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔ آؤٹ ڈور ڈائننگ کی سخت ایس او پیز کے تحت رات 10 بجے تک اجازت ہوگی۔ منتخب اضلاع میں 8 اگست سے ان ڈور شادی کی تقریبات پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔ آؤٹ ڈور تقریبات کی 400 افراد کی گنجائش کیساتھ رات 10 بجے تک اجازت ہوگی۔ جمز میں صرف ویکسینیٹڈ لوگ ورزش کے لیے آ سکتے ہیں۔

صوبہ بھر کے تمام سیاحتی مقامات کو ایس او پیز کے مطابق کام کرنے کی اجازت ہوگی۔ تمام انٹرٹینمنٹ مراکز، تفریحی پارکس مکمل طور پر بند رہیں گے۔ ثقافتی تہوار اور اجتماعات پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔ پبلک ٹرانسپورٹ کو 50 فیصد گنجائش کے ساتھ چلنے کی اجازت ہوگی۔ ٹرین سروس 70 فیصد مسافروں کے ساتھ جاری رہے گی۔ صعنت اور زراعت کے شعبے کو استثنیٰ حاصل ہوگا۔ ضلعی انتظامیہ اور پولیس ایس او پیز کا اطلاق یقینی بنائیں گے۔ تمام شہری ماسک کی پابندی کریں۔
مزیدخبریں