قائم مقام برطانوی ہائی کمشنر کی زمان پارک آمد 

قائم مقام برطانوی ہائی کمشنر کی زمان پارک آمد 
کیپشن: قائم مقام برطانوی ہائی کمشنر کی زمان پارک آمد 

ایک نیوز :قائم مقام برطانوی ہائی کمشنر اینڈریو ڈینگلش  زمان پارک پہنچ گئے جہاں انہوں نے چیئرمین  تحریک انصاف عمران خان سے خصوصی ملاقات کی اور دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

تفصیلات کےمطابق قائم مقام ڈپٹی ہائی کمشنر زو ویئر اور سیاسی مشیر طلال رضا بھی ہمراہ تھے،ملاقات میں پاکستان میں جمہوریت کے فروغ و استحکام، دستور کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی پر تحریک انصاف کے ویژن پر بھی بات چیت کی گئی ،پاکستان میں بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور بین الاقوامی سطح پر اس کیخلاف پائی جانے والی تشویش کا بھی جائزہ لیا گیا۔چیئر مین تحریک انصاف نے کہا کہ آئین و قانون کی بالادستی تحریک انصاف کے سیاسی ایجنڈے کے کلیدی نکات ہیں،جمہوریت کی بنیاد انسانی حقوق کے فروغ و تحفظ پر استوار ہے، تحریک انصاف عوامی رائے کی بنیاد پر سیاسی عمل کو آگے بڑھانے اور بحرانوں کا حل نکالنے پر یقین رکھتی ہے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ دستورِ مملکت انتخاب کے آزادانہ و شفاف انتخاب کی مدت طے کرتا ہے، مقتدر گروہ عوام کو ووٹ کے حق سے محروم کرنے کیلئے انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں میں مصروف ہے، اظہار و خیال سے لیکر جان و شخصی وقار کے حق تک کو بےدردی سے پامال کیا گیا،سیاسی آزادیوں اور حقوق پر پیہم حملوں سے پوری دستوری سکیم کو نقصان پہنچایا جارہا ہے۔چاہتے ہیں کہ عالمی برادری جمہوری اقدار کے تحفظ کیلئے اپنی آواز بلند کرے۔