ایک نیوز: پاکستان بھر سے ڈرائیونگ لائسنس کےحصول کے خواہشمند شہریوں کے لئے بڑی خوشخبری، لائسنسنگ طریقہ کار میں مزید آسانیاں کر دی گئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی اور آئی جی پنجاب کی خصوصی ہدایت پر لائسنسنگ طریقہ کار میں مزید آسانیاں کر دی گئی ہیں۔ اب کسی بھی کونے سے تعلق رکھنے والے شہری لاہور سے ڈرائیونگ لائسنس بنواسکیں گے۔ دیگر اضلاع اور صوبوں کے لاکھوں شناختی کارڈ ہولڈرز لاہور سے لائسنس کی سہولیات سے استفادہ کرسکیں گے اس کے علاوہ دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے بھی لاہور سے لائسنس حاصل کرسکیں گے۔ اس سے قبل صرف لاہور کے شناختی کارڈ ہولڈرز کو لاہور سے لائسنس بنوانے کی سہولت میسر تھی۔
لائسنس حصول کے خواہشمند افراد کو ہدایت کی گئی ہے کہ لرنر پرمٹ کے لئے شہری شناختی کارڈ اور ایک نقل کے ہمراہ کسی بھی لائسنس سنٹر پر تشریف لائیں۔ لرنر پرمٹ کے 42 دن کے بعد مستقل لائسنس کے حصول کےلئے سائن و روڈ ٹیسٹ لیا جائے گا جس کے بعد ٹیسٹ کلیئر کرنے والوں کو لائسنس ایشو کردیا جائے گا۔
سی ٹی او لاہور کا کہنا ہے کہ شہریوں کی سہولت اور آسانی کےلئے لبرٹی مارکیٹ اور مناواں سنٹر کو 24/7 کیا جاچکا ہے۔ ارفعہ کریم ٹیسٹنگ سنٹر، گریٹر اقبال، ڈیفنس سنٹر اور بحریہ ٹاؤن سنٹر صبح 08 بجے سے رات 12 بجے تک لائسنس سروسز فراہم کررہے ہیں۔ شہر میں تین موبائل وینز، 23 لائسنس سنٹرز اور 06 ٹیسٹنگ سنٹرز قائم کئے گئے ہیں۔ میرٹ اور عزت دارانہ طریقے لائسنس فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔