ایک نیوز:رکن قومی اسمبلی اور مسلم لیگ( ن) کے رہنما محسن شاہنواز رانجھا نے کہا ہے کہ فل کورٹ بنچ ہی مسئلے کا واحد حل ہے جس سے تما م فریقین مطمئن ہوں گے ۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن شاہنواز رانجھا نے کہا کہ ماضی میں اس طرح کے مقدمے میں اتنی ٹوٹ پھوٹ نظر نہیں آئی ،ہم نے عدالت عظمیٰ میں فل کورٹ بنچ بنانے کی استدعا کی اس میں کیا حرج ہے۔ فل کورٹ بنچ ہی مسئلے کا واحد حل ہے جس سے تما م فریقین مطمئن ہوں گے ۔ سسٹم کو بٹھا کرالیکشن نہیں جیتا جا سکتا۔
رہنما (ن) لیگ کا کہناہے کہ نواز شریف کو نا اہل کرواکر عمران خان کا سیاسی جنم کرایاگیا۔ نواز شریف نے ہمیشہ عدالتوں کا احترام کیا اوہر بار عدالتوں میں پیش ہوئے لیکن اس لاڈلے کو ایک ہی دن میں پانچ پانچ ضمانتیں مل رہی ہیں۔عوام دیکھ رہی کہ لاڈلہ کون ہے۔
محسن شاہنواز کامزیدکہناہے کہ عمران خان جس طرح 2018کے الیکشن میں نقل مار کرپاس ہوا وہ اب پھر وہی چاہتا ہے کہ کسی نہ کسی طرح نقل مار کے پاس وہ جائے۔اب 2018والا ظلم قوم پرنہ کیا جائے ملک اس کا متحمل نہیں ہو سکتا۔