ایک نیوز:نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیرصدارت اجلاس میںبادشاہی مسجد کی تزئین وآرائش اوربحالی کا پراجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کے امور کا جائزہ لینے سے متعلق اجلاس ہوا۔جس میں صوبائی وزیر لوکل گورنمنٹ ابراہیم مراد، صوبائی وزیر اوقاف سید اظفر علی ناصر، چیف سیکرٹری، ڈی جی والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی ، کمشنر ، متعلقہ سیکرٹریز، مولانا عبدالخبیر آزاد اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ کوبریفنگ دی گئی کہ لیڈی ولنگڈن ہسپتال سے بادامی باغ تک بحالی کا پراجیکٹ 22ملین یورو کی لاگت سے مکمل کیاجائے گا۔ شاہی قلعہ کے 24تاریخی مقامات میں سے 15پر بحالی کا کام تکمیل کے قریب ہے۔بارودخانہ مطبخ کی بحالی سیاحوں کیلئے دلکشی کا باعث بن رہی ہے۔
نگران وزیراعلیٰ کی ہدایت پر بادشاہی مسجد کی تزئین وآرائش و بحالی کا پراجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔ بادشاہی مسجدلاہو ر کی پہچان او رشناخت بن چکی ہے۔والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی،آغاخان فاؤنڈیشن اور دیگر اداروں کے اشتراک سے بادشاہی مسجد کی بحالی وتزئین وآرائش کا پراجیکٹ مکمل کیاجائے گا ۔شالامار باغ، مقبرہ جہانگیرو نورجہاں کو بھی والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کے زیر انتظام کرنے کی تجویز بھی دی گئی۔
دوسری جانب نگران وزیراعلیٰ پنجاب مفت آٹاسکیم کے تحت لوگوں میں آٹے کی تقسیم کے عمل کاجائزہ لینے کیلئے ننکانہ صاحب پہنچ گئے، انہوں نے جمنازیم ہال اور مغل شادی ہال میںبنائے گئےفری آٹا پوائنٹس کا دورہ کیا اور وہاں لوگوں کیلئےدستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مفت آٹے کے حصول کےلئےآئے لوگوں سے ان کے مسائل بھی دریافت کئے اور انہیں فوری حل کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔
وزیراعلیٰ دونوں پوائنٹس پر بنائےگئے مختلف کاؤنٹرز پر بھی گئے اور عملہ سے بات چیت کیں۔انہوں نےمفت آٹے کی منظم اور شفاف طریقے سے تقسیم کیلئےضلعی انتظامیہ کے انتظامات کو سراہا ۔
تاہم ڈپٹی کمشنر میاں رفیق احسن نے نگران وزیر اعلیٰ کو ننکانہ صاحب سمیت ضلع بھر میں مفت آٹے کی تقسیم کیلئے بنائے گئے گیارہ پوائنٹس کے بارے میں بریفنگ دی۔
وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس ،بڑے فیصلے کرلئے گئے
Apr 03, 2023 | 13:13 PM