9 مئی کا حساب مکمل ہونے تک کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے،وزیر دفاع 

Sep 02, 2024 | 21:42 PM

ویب ڈیسک:وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی والے اسٹیبلشمنٹ سے ریلیف چاہتے ہیں، جب تک 9 مئی کا حساب نہیں ہوگا، کسی قسم کے مذاکرات کسی کے ساتھ نہیں ہوں گے۔

قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی والے اس وقت این آر او مانگ رہے ہیں، یہ لوگ سیاسی جماعتوں سے مذاکرات نہیں کرنا چاہتے ہیں، بانی پی ٹی آئی بھی فوج سے مذاکرات چاہتے ہیں۔ 

وزیر دفاع نے کہا کہ محمود اچکزئی سے سوال کروں گا، کیا وہ فوج کے ساتھ یہ مذاکرات کریں گے؟ بانی پی ٹی آئی سیاسی جماعتوں کے ساتھ مذاکرات نہیں کرنا چاہیے، پوچھتا ہوں اس پر اپوزیشن اتحاد کے سربراہ محمود اچکزئی کا کیا موقف ہے؟

خواجہ آصف نے یہ بھی کہا کہ محمود اچکزئی کو میری بات غلط لگے تو مجھے ٹوک دیں، میں اپنی بات واپس لے لوں گا،سمجھنا ہوگا یہ نیا نظام ہے، نئی قیادت ہے، ان کو بھنگ کی طرح نشے کا ٹھرک لگا ہے، انہیں بار بار وہی یاد آرہا ہے، مذاکرات کرنے ہیں تو کرلیں ورنہ منت کا کوئی اور طریقہ دریافت کرلیں۔

وزیر دفاع کا مزید کہنا تھا کہ جن کو یہ آوازیں مار رہےہیں، ان سے مذاکرات کرنے ہیں، تو کرلیں، کہتے ہیں ہمارا اتحاد ہے، اس کے سربراہ محمود اچکزئی ہیں، وہ مذاکرات کریں گے،  پہلے اپنےگھرمیں فیصلہ کرلیں کہ مذاکرات کرنے کس سے ہیں، جن سے مذاکرات کرنے ہیں، ان سے بھی کرلیں، ہمارا کوئی اختلاف نہیں۔   

مزیدخبریں