وزیراعظم کا مہنگائی کی شرح میں کمی  کی رپورٹ پر اظہار اطمینان  

وزیراعظم کا مہنگائی کی شرح میں کمی  کی رپورٹ پر اظہار اطمینان  
کیپشن: The Prime Minister expressed his satisfaction on the report of reduction in the rate of inflation

ایک نیوز:وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف  نے ادارہ شماریات کی جانب سے آج جاری کردہ رپورٹ میں اگست 2024 کے دوران مہنگائی کی شرح سنگل ڈیجٹ پر آنے کے اعلان پر اظہار اطمینان کیا ہے۔ 

تفصیلات کےمطابق وزیراعظم شہباز شریف  نے کہا ہے  اللہ کے فضل و کرم سے حکومتی معاشی ٹیم کی محنت رنگ لا رہی ہے ،ماہ اگست میں مہنگائی کی شرح کا 9.6 فیصد پر آنا معیشت میں بہتری کے حوالے سے حکومتی اقدامات کا عکاس ہے ،گزشتہ تین تین برس میں مہنگائی کی کم ترین شرح کا سہرا حکومتی معاشی ٹیم کی محنت کو جاتا ہے ۔ 

انہوں نے کہا افراط زر میں کمی وزارت خزانہ کی اکنامک آؤٹ لک رپورٹ کی پیشگوئی کی عین مطابق ہے جس میں کیا گیا تھا کہ اگست 2024 میں افراط زر کی شرح 9.5 سے 10.5 فیصد کے درمیان رہے گی ،معاشی ماہرین کی جانب سے ستمبر کے مہینے میں افراط زر کی شرح میں مزید کمی کی پیشگوئی قوم کیلئے خوشخبری سے کم نہیں  ہے۔  

وزیراعظم نے کہا  2018 میں بھی افراط زر کی شرح کو سنگل ڈیجیٹ پر چھوڑ کر گئے تھے، 2018 سے آئندہ چار برس میں مجرمانہ غفلت اور عوام دشمن پالیسیوں کی وجہ معیشت بد حالی کا شکار رہی، مہنگائی میں ریکارڈ اضافہ ہوا اور عوام کیلئے پریشانی کے دور کا آغاز ہوا،ہم نے اپنی سیاست کی قربانی دے کر ملکی معیشت کو دیوالیہ ہونے سے بچایا ،معاشی ٹیم کی شبانہ روز محنت کی بدولت نہ صرف معیشت مستحکم ہوئی بلکہ ترقی کی جانب گامزن ہے۔  

شہباز شریف کا مزید کہناتھا خادمِ پاکستان کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد عوام سے عہد کیا تھا کہ انکی پریشانیوں کو کم کرنے تک چین سے نہیں بیٹھو ں گا،اللہ رب العزت کا بے پایاں کرم ہے کہ اپنے عہد کی تکمیل کی طرف گامزن ہیں،حکومتی معاشی اصلاحات کے مثبت نتائج عوام کی خوشحالی کی صورت عوام تک پہنچنا شروع ہو گئے ہیں ،عام آدمی کی زندگی کو آسان اور اسکی معاشی خوشحالی کے بغیر پاکستان کی ترقی کے ہدف کا حصول ممکن نہیں ہے۔