ویب ڈیسک: وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ یوٹیلیٹی سٹور کارپوریشن کو بند کرنے کا کوئی منصوبہ زیر غور نہیں،سرکاری ملازمین کے مفادات کا تحفظ کیا جائے گا۔
تفصیلات کےمطابق رانا تنویر حسین نے یوٹیلیٹی اسٹور کارپوریشن کے وفد سے ملاقات کی ، ملاقات میں ایم ڈی یوٹیلٹی سٹور کارپوریشن اور سیکرٹری صنعت و پیداوار بھی شریک تھے۔
وفاقی وزیر صنعت و پیداوار نے کہا کہ یوٹیلیٹی سٹور کارپوریشن کو بند کرنے کا کوئی منصوبہ زیر غور نہیں بلکہ یوٹیلیٹی اسٹور کارپوریشن کی تنظیم نو کے مختلف آپشنز پر کام ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شفافیت لانے کیلئے سبسڈی کا نیا طریقہ کار وضع کیا جا رہا ہے، وفاقی وزیر نے یقین دہانی کرائی کہ یو ایس سی بند کرنے کیلئے حکومت کی جانب سے کوئی یکطرفہ اقدام نہیں کیا جائے گا۔
رانا تنویز حسین نے کہا کہ تمام فیصلے ملازمین سمیت تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے ہوں گے اورتمام گورنمنٹ ملازمین کے مفادات کا تحفظ کیا جائے گا۔