لاہور میں تیز بارش،4ستمبر تک مزید بارشوں کا امکان

لاہور میں بارش،4ستمبر تک مزید بارشوں کا امکان
کیپشن: Rain in Lahore, possibility of more rain till September 4

ایک نیوز: لاہور شہر کے مختلف مقامات پر بارش جاری ہے، ڈی سی لاہور سید موسیٰ رضا نے الرٹ جاری کر دیا ،مسلم ٹاؤن،وحدت کالونی ،اقبال ٹاؤن میں بارش، بارش سے گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا۔
  ڈی سی لاہور سید موسیٰ رضا کا کہنا ہے کہ کسی بھی مقام پر بارشی پانی کھڑا نہ ہونے دیا جائے، شہری بجلی کی تاروں اور کھمبوں سے دور رہیں، شہری دیواروں اور درختوں کے نیچے سے ہو کر نہ گزریں۔

لاہورکےمختلف علاقوں میں بارش کےباعث ٹریفک جام ہو گئی،  کیولری انڈرپاس، نیو کیمپس، مسلم ٹاون انڈرپاس پر ٹریفک کی روانی متاثر، اچھرہ، رحمان پورہ میں بھی ٹریفک سست روی کاشکار ہے،شہر کے مختلف علاقوں میں بارش کے بعد حبس کی شدت برقرار ہے، گلبرگ 4 ، اپر مال 2، تاجپورہ 6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ نشتر ٹاون میں 27 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی علامہ اقبال ٹاون ، فرخ آباد کے علاقے میں ہلکی بارش جاری ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ آئندہ24گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کا امکان ہے ، مون سون بارشوں کا سپیل 4ستمبر تک جاری رہنے کی پیشگوئی ہے، 2سے 3 ستمبر کے دوران راولپنڈی اٹک چکوال جہلم منڈی بہاوالدین گجرات گوجرانولہ خوشاب سرگودھا میانوالی اور چنیوٹ میں بارشیں متوقع ہیں ، لاہور قصور نارووال ساہیوال ٹوبہ ٹیک سنگھ فیصل آباد جھنگ اور میانوالی میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے ۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق3سے 4 ستمبر تک جنوبی پنجاب کے اضلاع بہاولپور بہاولنگر خان پور ڈیرہ غازی خان ملتان لیہ راجن پور اور رحیم یار خان میں وقفے وقفے سے بارشیں متوقع ہیں ،پنجاب کے تمام دریاؤں و ندی نالوں میں پانی کا بہاؤ نارمل سطح پر ہے،دریائے سندھ چناب راوی جہلم اور ستلج میں پانی کا بہاؤ نارمل لیول پر ہے،راجن پور اور ڈیرہ غازی خان ہل ٹورنٹس میں بھی نارمل صورتحال ہے۔
منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 79 فیصد ،تربیلا ڈیم میں 100 فیصد ہے ،فی الوقت پنجاب کے دریاؤں میں سیلاب کا کوئی خطرہ نہیں،وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر پی ڈی ایم اے و متعلقہ ادارے الرٹ ہیں۔
ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ شہریوں کے تحفظ کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں ، عوام الناس سے التماس ہے کہ مون سون بارشوں کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں،ایمرجنسی کی صورت میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں ۔