میانوالی:پولیس نے دہشتگردوں کا چیک پوسٹ پر حملہ ناکام بنا دیا

میانوالی:پولیس نے دہشتگردوں کا چیک پوسٹ پر حملہ ناکام بنا دیا
کیپشن: Mianwali: The police foiled the attack of the terrorists on the check post

ایک نیوز: میانوالی میں تھانہ عیسی خیل کی قبول خیل پولیس چیک پوسٹ پر دہشتگردوں نے حملے کی کوشش کی جسے پنجاب پولیس نے ناکام بنا دیاجبکہ حملہ آور فرار ہو گئے۔
ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ 12سے 14 دہشت گردرات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر فرارہوئے ، قبول خیل چیک پوسٹ پر راکٹ لانچرز اور ہینڈ گرنیڈز سے حملہ کیاگیا، شدید جوابی فائرنگ سے بزدل دہشتگردوں کا حملہ پسپا کر دیا ،ڈی پی او میانوالی بھاری نفری کیساتھ پولیس چیک پوسٹ پر موجودتھے۔
حملے میں2پولیس اہلکار معمولی زخمی ہوئے ہیں ، دہشت گردوں کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن جاری ہے، پولیس نے دہشت گردوں کا 9واں حملہ ناکام بنایا ہے ، میانوالی کی چیک پوسٹ قبول خیل پر خوارجی دہشت گردوں کا حملے کے بعد آر پی او سرگودھا ریجن محمد شہزاد آصف خان بھی میانوالی پہنچ گئے۔ آر پی او نے حملے میں زخمی پولیس جوانوں سے ہسپتال میں ملاقات اور عیادت کی ، حملہ ناکام بناتے زخمی ہونے  والے یہ غازی ہمارے ہیروز ہیں،علاج معالجہ کے تمام اخراجات پولیس ویلفیئر فنڈ سے ادا کیے جائینگے ۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نےمیانوالی میں چیک پوسٹ پر فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنانے پر پولیس کو شاباش دی،محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس نے ایک بار پھر فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا،تھانہ عیسی خیل کی چیک پوسٹ پر تعینات پولیس کے جوانوں نے جرات کے ساتھ 14 خارجی دہشتگردوں کو مار بھگایا۔
 محسن نقوی کا کہنا تھا کہ رات کی تاریکی میں چھپ کر حملہ کرنے والے خارجی دہشتگردوں کو پولیس نے دندان شکن جواب دیا، خارجی دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنانے والے پولیس جوانوں کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور دلیری کو سراہتا ہوں،خارجی دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنانے پر پنجاب پولیس کے بہادر سپوتوں کو سلام ہے۔