نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی عرس داتادربارپربہترین انتظامات کی ہدایت

Sep 02, 2023 | 23:12 PM

ایک نیوز :نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے عرس داتادربار پربہترین انتظامات کرنے کی ہدایت کردی۔

تفصیلات سے مطابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں حضرت داتاگنج بخش ؒ کے عرس کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا ۔

اجلاس میں نگران وزیراعلیٰ کو بریفنگ دی گئی کہ حضرت داتا گنج بخش ؒ کے عرس کی 3روزہ تقریبات کاآغاز 5ستمبر سے ہوگا 10لاکھ سے زائد عقیدت مند عرس کی تقریبات میں شرکت کریں گے۔ عرس کی تقریبات کے دوران محفل سماع، سبیل، نعتیہ مشاعرہ اور خصوصی لیکچرز کااہتمام کیاجائے گا ۔

نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کاکہنا تھاکہ رواں برس عرس کی تقریبات کے لئے انتظامات گزشتہ برسوں سے خوب سے خوب تر ہونے چاہئیں۔عقیدت مندوں کی سہولت کے لئے ساؤنڈ سسٹم اورایس ایم ڈیز (سکرینز)لگانے کی ہدایت لنگر خانے میں بیٹھنے کا وسیع انتظام کیاجائے۔ وضع کردہ سکیورٹی اورٹریفک پلان پر من وعن عملدرآمد یقینی بنایاجائے۔  قانون نافذ کرنے والے ادارے آپس میں قریبی رابطہ رکھیں۔ 

سیکرٹری اوقاف نے حضرت داتا گنج بخش ؒ کے عرس کے سلسلے میں کئے گئے انتظامات اور سی سی پی اولاہور نے سکیورٹی پلان کے بارے میں بریفنگ دی۔

سی سی پی او کا بریفنگ میں کہنا تھاکہ  عرس کی تقریبات کے دوران پولیس اہلکار 3شفٹ میں ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔   ہر شفٹ کاانچارج ایس پی لیول کاآفیسر ہوگا۔

نگران وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس میں صوبائی وزیر اوقاف اظفر علی ناصر،چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ،ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ،سی سی پی او لاہور، سیکرٹری اوقاف، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈی آئی جی آپریشنز،ڈپٹی کمشنر لاہور، سی ٹی او لاہور، چیف ایگزیکٹو لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

مزیدخبریں