شمالی وزیرستان: جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے جوانوں کی نمازجنازہ ادا

شمالی وزیرستان: جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے جوانوں کی نمازجنازہ ادا
کیپشن: North Waziristan: Funeral prayers of young men who sacrificed their lives

ایک نیوز: شمالی وزیرستان کے علاقے میرانشاہ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے میجر عامر عزیز اور سپاہی محمد عارف کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔ شہداء کے جسد خاکی کو آبائی علاقوں کو روانہ کردیا گیا ہے۔ جہاں انہیں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ انہیں سپرد خاک کیا جائے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے سرگودھا کے 29 سالہ میجر عامر عزیز اور ساہیوال کے 27 سالہ سپاہی محمد عارف کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔ 

شہداء کی نماز جنازہ بنوں میں ادا کی گئی، نماز جنازہ میں اعلیٰ فوجی و سول حکام اور عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی، جس کے بعد شہداء کے جسد خاکی ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کردیئے گئے، جہاں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ انہیں سپرد خاک کیا جائے گا۔ ترجمان کے مطابق مسلح افواج مادر وطن سے دہشت گردی کی لعنت کو ہر قیمت پر ختم کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔

سابق صدر آصف علی زرداری کا اظہار افسوس:

سابق صدر آصف علی زرداری نے میرانشاہ میں میجر عامر اور سپاہی عارف کی شہادت پر اظہار افسوس کیا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں ںے کہا کہ مادر وطن کو دشمنوں سے پاک کرنے ہوئے میجر عامر شہید اور سپاہی عارف شہید نے جان کا نذرانہ دیا۔ دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کے خاتمے سے امن بحال ہوگا۔ 

آصف علی زرداری نے میجر عامر شہید اور سپاہی عارف شہید کے خاندانوں سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا بھی اظہار افسوس:

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے میجر عامر اور سپاہی عارف کی شہادت پر اظہار افسوس کیا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں ںے کہا کہ میرانشاہ میں وطن دشمنوں سے دھرتی کو پاک کرتے ہوئے میجر عامر اور سپاہی عارف نے جام شہادت نوش کیا۔ سوات کی طرح آپریشن کرکے مادر وطن کو دشمنوں سے پاک کرنا ہوگا۔ بلاول بھٹو زرداری نے میجر عامر شہید اور سپاہی عارف شہید کے ورثا سے اظہار تعزیت کیا ہے۔