ملک میں تھری ایم پی او کی لوٹ سیل لگی ہے،شیخ رشید

Sep 02, 2023 | 14:24 PM

JAWAD MALIK

ایک نیوز:  سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وزیرداخلہ شیخ رشید نے کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں تھری ایم پی او کی لوٹ سیل لگی ہے مگر اب کسی سیاسی پارٹی کی بجائے بجلی اور پیٹرول سمیت مہنگائی عوام کو سڑکوں پر لے آئی ہے۔

سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وزیرداخلہ شیخ رشید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر جاری بیان میں کہا ہے کہ ڈالر کی ٹرپل سینچری کے بعد پیٹرول اور ڈیزل کی بھی ٹرپل سینچری ہو گئی ہے،جب اوپن مارکیٹ میں ڈالر 331روپے کا ہوگا تو بجلی کا بل، کھانے کا تیل اور گاڑی کا تیل مہنگا ہوگا، جتنی روپے کی قدر گرے گی اتنی ہی مہنگائی بڑھے گی۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں مسئلہ سیاسی نہیں رہا، اقتصادی اور معاشی ہو گیا ہے۔ عوام کا نام ریاست ہے اور عوام ہی مہنگاٸی سے پِگھل گئی ہے۔ الیکشن کب ہوتے ہیں یہ کسی کو معلوم نہیں لیکن مہنگائی جس طرح بڑھ رہی ہے، گھر گھر میں اسکی پکار ہےاور گھروں میں مہنگاٸی کے ہاتھوں صف ماتم بچھی ہوئی ہے۔ اس صورتحال کو کوئی روکنے والا نہیں، نگران وزیر خزانہ نے بھی ہاتھ کھڑے کر دیئےہیں۔ وہ کہتی ہیں کہ انہیں معلوم نہیں تھا کہ حالات اتنے خراب ہیں۔ نہ بیوروکریسی کام کر رہی ہےنہIMF بات مان رہی ہے۔ نہ کارخانہ چل رہا ہے، نہ دکان چل رہی ہے، صرف ڈالر پر سٹہ بازی چل رہی ہے۔

  شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پہلی مرتبہ کوئی سیاسی پارٹی یا کوٸی سیاسی لیڈر لوگوں کو سڑکوں پر نہیں لارہا بلکہ بجلی کا بل، پیٹرول کی قیمت، بے روزگاری اور مہنگائی لوگوں کو سڑکوں پر لا رہی ہے۔ اس مہنگائی اور بیروزگاری کا حل کس کے پاس ہے نہ کسی کا فیصلہ کوئی مان رہا ہے۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ آئین اور قانون مذاق بن کر رہ گیا ہے،معاشی اور سیاسی چور لندن چلے گئے ہیں، عوام کو مسائل کے سمندر میں غرق کرگئے ہیں۔ 3MPOاور 16MPOکی ملک میں لوٹ سیل لگی ہوئی ہے اور عدالتوں کے فیصلوں کو کوئی نہیں مان رہا۔

مزیدخبریں