ایک نیوز :ایشیا کپ کے بڑا مقابلہ بے نتیجہ ختم ہوگیا، بارش کے باعث پاکستان اور بھارت کا میچ ختم کردیا گیا، دونوں ٹیم کو 1،1 پوائنٹ مل گیا، گرین شرٹس نے سپر فور مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا۔
ایشیا کپ میں بھارت نے پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، بھارت کی پوری ٹیم 48.5 اوورز میں 266 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔
پاکستان کو جیت کیلئے 267 رنز کا ہدف ملا تاہم میچ کی دوسری اننگز کا آغاز ہی نہیں ہوسکا، وقفے کے دوران شروع ہونیوالی بارش مسلسل 2 گھنٹے تک جاری رہی، جس کے بعد میچ ریفری نے مقابلہ ختم کرنے کا اعلان کردیا، دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔
ہاردک پانڈیا 87 اور ایشان کشن 82 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے، دونوں کے درمیان 148 رنز کی شاندار شراکت قائم ہوئی، جس کی وجہ سے بھارتی ٹیم بڑا ٹوٹل اسکور بورڈ پر سجانے میں کامیاب ہوگئی۔
بھارت کے دیگر کھلاڑیوں میں روہت شرما 11، شبمن گل 10، ویرات کوہلی 4، شریاس ایئر 14، رویندرا جڈیجا 14، شاردل ٹھاکر 3، کلدیپ یادیو 4 اور جسپریت بومرا 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، محمد سراج نے ایک رن بنایا۔
شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤوف نے بھارتی ٹاپ آرڈر کو اڑا کر رکھ دیا تھا جس کے بعد ہاردک پانڈیا اور ایشان کشن نے ٹیم کو سہارا دیا۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 4، نسیم شاہ اور حارث رؤف نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
پاکستان نے ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ واضح رہے کہ گرین شرٹس نے پہلے میچ میں نیپال کو 238 رنز سے شکست دی تھی۔
ٹاس جیتنے کے بعد کپتان بھارتی کرکٹ ٹیم روہت شرما نے کہا کہ موسم کے حوالے سے اتنا نہیں سوچتے،ہم نے کچھ کھلاڑیوں شامل کیا ہے، امیدہے اچھا مقابلہ ہوگا۔
کپتان قومی کرکٹ ٹیم بابر اعظم نے کہا کہ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ ٹاس جیتنےکی صورت میں پہلے بیٹنگ کرتے۔
یاد رہے کہ میچ سے قبل بارش کی پیشگوئی کی گئی تھی تاہم شائقین کے لیے خوشخبری یہ ہے کہ میچ کے دوران بارش کے امکانات کم ہوگئے ہیں۔
گروپ اے میں پاکستان 3پوائنٹ کیساتھ سرفہرست ہے ۔پاکستان نے پہلے میچ میں نیپال کو شکست دی تھی ۔