ایک نیوز: بھارتی وزیراعظم لال بہادر شاستری نے پاکستان کو جنگ کی دھمکی دی مگر ساتھ ہی اعتراف کیا کہ گزشتہ روز پاکستانی افواج نے 4 بھارتی طیاروں کو مار گرایا۔
بھارتی آرمی چیف جنرل جے این چوہدری نے بھارتی مقبوضہ کشمیر میں اعلیٰ فوجی افسران سے ملاقات کی۔ دوسری جانب صدر ایوب نے پاکستانی قوم سے خطاب میں بھارت کو تنبیہہ کی کہ "بھارت نے ابتداء ہی سے پاکستان اور کشمیر کے متعلق اپنی پالیسی کی بنیاد نفرت اور دشمنی پر رکھی ہے جس کے نتیجے میں سنگین صورتحال پیدا ہو گی" "جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا جبکہ پاکستان کشمیریوں سے اپنا وعدہ پورا کرے گا"۔
سردار عبدالقیوم نے بھارت کو خبردار کیا کہ"بھارتی افواج اپنی قبر میں اُتر آئی ہے"۔ بین الاقوامی مبصرین نے بھارت کی طرف سے فضائی قوت استعمال کرنے پر نہایت افسوس کا اظہار کیا۔
جی ایچ کیو نے تمام فارمیشنز کو وارننگ آرڈر جاری کر دئیے کہ بھارتی افواج کی بڑھتی ہوئی جنگی تیاریوں کے پیشِ نظر وہ 2 ستمبر کی صبح تک کنسنڑیشن (concentration) ایریاز سنبھال لیں۔
کشمیر کے محاذ پر پاک فوج نے بھارتی مقبوضہ کشمیر کے علاقے سونا مرگ کے نزدیک ایک بھارتی پلاٹون کا مکمل صفایا کرتے ہوئے بھارتی افواج کے ٹھکانوں اور تنصیبات پر حملے جاری رکھے۔
پاکستانی افواج نے چھمب میں مشرق کی جانب پیش قدمی کرتے ہوئے 15 ٹینک قبضے میں لئے اور 150 بھارتی فوجیوں کو جنگی قیدی بنا لیا۔