عمران خان کی بہنوں کی پیشی،عدالت کاپولیس کوبڑاحکم

عمران خان کی بہنوں کی پیشی،عدالت کاپولیس کوبڑاحکم
کیپشن: عمران خان کی بہنوں کی پیشی،عدالت کاپولیس کوبڑاحکم

ایک نیوز: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی بہنوں نے انسداد دہشت گردی عدالت میں اپنے حق کا دفاع ایسے کیا کہ عدالت نے الٹا تفتیشی افسر کو ہدایات جاری کر دیں۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں عمران خان کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کی ضمانتوں سے متعلق کیس کی سماعت جج عبہر گل نے کی۔ علیمہ خان اور عظمیٰ خان عبوری ضمانت کی معیاد ختم ہونے پر عدالت پیش ہوئیں۔ 

دوران سماعت جج نے سوال کیا کہ علیمہ خان اور عظمیٰ خان شامل تفتیش ہوئی ہیں؟ تفتیشی افسر نے جواب دیا کہ پیش نہیں ہوئیں۔

عظمیٰ خان نے عدالت میں کہا ہمارا حق ہے ہمیں عدالت کے سامنے بولنے دیا جائے، پولیس سے کب سے کہہ رہے ہیں شامل تفتیس کیا جائے۔ علیمہ خان نے کہا کہ جی ہاں ہم اس حوالے سے پولیس سے مسلسل گزارش کر رہے ہیں۔ 

عدالت نے استفسار کیا کہ آپ نے کب جانا ہے، آپ بتائیں۔ جس پر عظمیٰ خان نے کہا کہ 3 ماہ سے چکر لگا رہے ہیں لیکن ہمیں شامل تفتیش نہیں کیا جا رہا۔ 

عدالت نے تفتیشی افسران کو ہدایت دی کہ عظمیٰ خان اور علیمہ خان کو آج ہی شامل تفتیش کریں۔ کیس فائنل کرنا ہے، پولیس تفتیش کر کے مکمل رپورٹ دے۔