ایشیاء کپ: پاکستان کی تباہ کن باؤلنگ، ہانگ کانگ کو 155 رنز سے شکست

ایشیاء کپ: پاکستان کی تباہ کن باؤلنگ، ہانگ کانگ کو 155 رنز سے شکست
کیپشن: Asia Cup: Pakistan's devastating bowling, defeat Hong Kong by 155 runs

ایک نیوز نیوز: ایشیاء کپ ٹی ٹوئنٹی کے گروپ اے کے ناک آؤٹ میچ میں یکطرفہ مقابلے میں پاکستان نے ہانگ کانگ کو 38 رنز پر آل آؤٹ کرکے ٹورنامنٹ سے باہر کردیا۔

پاکستان نے گروپ اے کےناک آؤٹ میچ میں ہانگ کانگ کو 155 رنز سے شکست دی ہے، جس کے ساتھ ہی فائنل فور میں جگہ بھی بنا لی ہے۔ ہانگ کانگ کا کوئی بھی کھلاڑی پاکستانی باؤلرز کے سامنے ٹک نہ سکا۔ ہانگ کانگ کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار کی طرح گر گئی۔

ہانگ کانگ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔  پاکستان ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 193 رنز بنائے ، محمد رضوان 78 رنز بناکر نمایاں رہے۔قومی ٹیم نے آخری اوور میں خوشدل کے 4 چھکوں کی بدولت 29 رنز اسکور کیے۔

اس سے قبل پاکستان نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو آغاز اتنا اچھا نہ رہا۔ پاکستانی کپتان بابراعظم صرف 9 کے انفرادی سکور پر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد محمد رضوان اور فخر زمان نے انتہائی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے سکور کو آگے بڑھا۔ فخر زمان 41 گیندوں پر 53 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد خوشدل شاہ نے انتہائی شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور آخری اوور میں 4 چھکے لگا کر سب کے دل جیت لیے۔ انہوں نے15 گیندوں پر 35 رنز سکور کیے۔ محمد رضوان 57 گیندوں پر 78 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ 

شارجہ میں کھیلے جارہے میچ کی دونوں ٹیموں کو بھارت کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، اب پاکستان نے فائنل فور میں جگہ بنا لی ہے جبکہ ہانگ کانگ ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی ہے۔ 

دوسری جانب ہانگ کانگ 194 رنز کے ہدف کے تعاقب میں میدان میں اتری تو اس ٹیم کا کوئی بھی بلے باز پاکستانی باؤلنگ اٹیک کے سامنے ٹک نہ سکا اور 11ویں اوور میں صرف 38 کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئی۔شاداب خان نے 4، محمد نواز نے 3، نسیم شاہ نے 2 جبکہ شاہنواز دھانی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

دونوں ٹیموں میں آج کے میچ کے حوالے سے کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔