ایک نیوز نیوز: فیصل آباد میں بااثر ملزم شیخ دانش کی جانب سے تشدد کا شکار خدیجہ کی زندگی اجیرن بنانے کا انکشاف ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق خدیجہ کےوکیل آفتاب باجوہ نے میڈیا سے خصوصی گفتگومیں لرزہ خیز انکشافات کیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خدیجہ کو یونیورسٹی چھوڑنے کےلئے یونیورسٹی انتظامیہ نے نوٹس بھجوایا ہے۔ انہیں گھر خالی کرنے کا بھی نوٹس موصول ہوچکا ہے۔
خدیجہ کے وکیل کا کہنا ہے کہ ملزم جیل میں ہونے کےباوجود اپنا اثرورسوخ استعمال کررہا ہے۔ میڈیکل یونیورسٹی نجی ٹی وی چینل کے کاروباری مالک کی ملکیت ہے اور اس کے مالک کا تعلق بھی فیصل آباد سے ہے۔
وکیل نے الزام عائد کیا کہ پولیس تفتیش کو غلط رخ پر لے جا رہی ہے۔ شیخ دانش سے برآمد ہونے والی امپورٹڈ شراب کے معاملے پرکسٹم نے کوئی کارروائی نہیں کی۔ جبکہ پولیس دانش سے برآمد ہونے والی کوکین اور آئس کا مقدمہ درج نہیں کررہی۔
آفتاب باجوہ کا کہنا تھا کہ شیخ دانش فیصل آباد کا پراپرٹی ٹائیکون اور انتہائی بااثر آدمی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ملزم، رانا ثناء اللہ اور مقامی سیاست دانوں کاانویسٹر ہے۔
وکیل کا کہنا تھا کہ خدیجہ کی جانب سے نجی یونیورسٹی کی جانب سے ملنے والے نوٹس کا جواب دیدیا گیا ہے لیکن انتظامیہ شدید دباؤ کا شکار ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایف آئی اے نے شیخ دانش کےخلاف ہماری درخواست پر غلط مقدمہ درج کیا۔ پولیس نے ہمت سے کام لے کرشیخ دانش کو حراست میں لیا ہے تو تفتیش بھی اتنی ہی ہمت سے کرے۔