حریت پسند رہنما کا مشن علی گیلانی جاری رکھنےکاعزم

Sep 02, 2022 | 14:05 PM

Hasan Moavia

ایک نیوز نیوز: بابائے حریت سید علی گیلانی کی برسی لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف عقیدت و احترام سے منائی گئی ہے۔

 تفصیلات کے مطابق آزادکشمیر کے تمام ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں تقریبات منعقد کی گئیں۔ جس میں مشن علی گیلانی جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا تھا۔ آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں جموں کشمیر لبریشن کمیشن، پیپلز لیگ اور پاسبان حریت کے زیر اہتمام تقریبات کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں آزادکشمیر کے سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان، وزیر بلدیات خواجہ فاروق احمد، ڈویلپمنٹ اتھارٹی مظفرآباد کےچیئرمین اظہر گیلانی نے شرکت کی۔ 

میرپور، کوٹلی، حویلی اور بھمبر  سمیت تمام اضلاع میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا جس میں علی گیلانی کی لازوال جدوجہد پر سلام بھی پیش کیا گیا۔ 

مظفرآباد کے علاقے انک پیاں کے مقا م پر جموں کشمیر پیپلز لیگ کے زیر اہتمام عزم سید علی گیلانی کانفرنس کا انعقاد بھی کیا گیا جس میں اظہر گیلانی، یونس میر سمیت حریت کانفرنس کے زعما نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر مقررین نے سید علی گیلانی کی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔ 

مقررین کا کہنا تھا کہ سید علی گیلانی نے بھارتی سنگینیوں کے سائے تلے ایک نعرہ بلند کیا کہ ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے اور دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ پاکستان و کشمیر لازم و ملزوم ہیں۔ اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی ہونگی۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ جب تک اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ریاست جموں وکشمیر کی عوام کو پیدائشی حق خودارادیت نہیں مل جاتا تب تک مشن سید علی گیلانی جاری و ساری رہے گا۔

مزیدخبریں