ایک نیوز نیوز: سندھ کے ضلع دادو میں موجود قصبہ خیرپور ناتھن شاہ بھی سیلاب کی زد میں آگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جوہی اور میہڑ شہر کو سیلاب سے بچانے کی کوششیں کی جاری ہیں۔ جوہی رنگ بند کو مضبوط بنانے کے لیے خواتین اوربچیاں بھی اس میں شرکت کر رہی ہیں۔
شہریوں نے ضلع بھر کی شہری آبادی کو بچانے کے لیے منچھر جھیل کو کٹ دینے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
دوسری جانب مٹیاری روہڑی کینال کا گیٹ چھنڈن موری کے مقام پر ٹوٹ گیا ہے۔ جس سے خیرپور کی تحصیلیں کوٹ ڈیجی اور نارا بھی زیر آب آگئی ہیں۔ شہدادکوٹ شہر کو سیلاب سے بچانے کے لیے شاہراہ کے 3 مقامات پر کٹ لگا دیے گئے ہیں۔
ضلع بدین میں سیلاب متاثرین ریلیف کیمپوں میں امدادی سامان اور سہولیات فراہم نا ہونے کے باعث سڑک کے کنارے خیموں میں پناہ لینے پر مجبور ہو گئے ہیں ۔
عمرکوٹ میں مون سون کی بارشوں اور سیلاب سے مرچ اور کپاس کی تیار شدہ فصلوں کو بھی بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے جس کے باعث مقامی کاشت کار معاشی پریشانی کا شکار ہیں۔