حریت رہنما سید علی گیلانی کی وفات پر ملکی سیاسی و عسکری قیادت کا اظہار افسوس

Sep 02, 2021 | 11:46 AM

admin
اسلام آباد: صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیرِ اعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، سمیت پاکستان کے دیگر رہنماؤں نے حریت رہنما سید علی گیلانی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ پاکستان میں سید علی گیلانی کی وفات پر قومی پرچم سرنگوں رہے گا اور ان کی یاد میں ایک دن سرکاری سطح پر سوگ منایا جائے گا۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے حریت رہنما سید علی گیلانی کی وفات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں جگہ اور اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ سید علی گیلانی کی وفات سے کشمیر ایک عظیم رہنما سے محروم ہو گیا وہ ایک باہمت، نڈر اور مخلص راہنما تھے اورعمر بھر بھارتی سامراجیت کے خلاف ڈٹے رہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کشمیری حریت راہنما سید علی گیلانی کی وفات پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سید علی گیلانی نے پوری زندگی اپنے لوگوں اور ان کے حق خودارادیت کے لیے جدوجہد کی۔ بھارتی فوج کے بدترین مظالم کا سامنا کرنے کے باوجود سید علی گیلانی اپنے موقف پر ڈٹے رہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم پاکستانی سید علی گیلانی کی عظیم جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں، ہم آج سید علی گیلانی کے الفاظ یاد کررہے ہیں “ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے”۔ وزیر اعظم نے سید علی گیلانی کی وفات پر کل (بروز جمعرات) سرکاری سطح پر سوگ منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کل ملک بھر میں پاکستانی پرچم سرنگوں رہے گا۔

پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے سید علی گیلانی کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ سید علی گیلانی کی زندگی بھر کی قربانیاں اور مسلسل جدوجہد کشمیریوں کے بھارتی قبضے کے خلاف ناقابل تسخیر عزم کی علامت ہے۔ ان کا خواب اور اس کا مشن تب تک زندہ رہے گا جب تک مقبوضہ کشمیرکے لوگ اپنے حق خود ارادیت کو حاصل نہیں کر لیتے۔

وزیراعظم آزادجموں وکشمیر سردار عبدالقیوم خان نیازی نے سید علی گیلانی کی وفات پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ تحریک آزادی کے سرخیل اور مزاحمت کا استعارہ تھے۔ وہ کشمیریوں کے ایسے ہیرو ہیں جن پر آنے والی نسلیں فخر کریں گی۔ انہوں نے کشمیرکی آزادی کے لیے طویل جدوجہد کی۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے بھی سید علی گیلانی کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سید علی گیلانی نے کشمیر کی آزادی کی جدوجہد میں جان ڈالی اور بھارت کے فاشسٹ چہرے کو بے نقاب کیا۔انہوں نے کہا کہ 'تشدد اور طویل عرصوں کے لیے قید بھی انہیں ان کے مشن سے ہٹا نہ سکی، جبکہ سید علی گیلانی کی کہانی قربانی، عزم اور بےلوث خدمت سے بھرپور ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے حریت رہنما سید علی گیلانی کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ 'سید علی گیلانی کشمیر میں آزادی کی تحریک کا دوسرا نام تھے۔انہوں نے کہا کہ 'سید علی گیلانی کی زندگی جہدِ مسلسل کا ایک استعارہ تھی، ان کا مشن کشمیر کی آزادی تھا اور اس خواب کی تعبیر ہماری منزل ہے'۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے سید علی گیلانی کے انتقال پرگہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کے بلند درجات اور اہل خانہ کے لیے صبرو جمیل کی دعا کی۔ ان کا کہنا تھا کہ سید علی گیلانی کی تحریک آزادی کے لیے خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا، انہوں نے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی میں انتہائی نمایاں خدمات انجام دیں۔

مزیدخبریں