نگران وفاقی کابینہ کااجلاس،دہشت گردی واقعات کی مذمت

نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی زیرصدارت کابینہ اجلاس شروع
کیپشن: Cabinet meeting under the chairmanship of Caretaker Prime Minister Anwar Haq Kakar has started

ایک نیوز : وفاقی کابینہ کے اجلاس میں  ملک میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت مستونگ اور ہنگو میں دہشتگردی کے واقعات کی مذمت کی گئی۔

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کابینہ اجلاس کی صدارت کی ۔دہشت گردی واقعات میں جاں بحق افراد کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی، زخمیوں کے لئے جلد صحت یابی کی دعا کرائی گئی ۔

ڈیڑھ گھنٹہ تک جاری رہنے والے اجلاس میں  ملکی معیشت اور امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔دہشت گردی کے حالیہ واقعات پر وزیر داخلہ کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔

 نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کاکہنا تھاملک سے دہشت گردی کی لعنت کا خاتمہ کریں گے۔حکومت ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پر عزم ہے۔

انوار الحق کاکڑ کاکہنا تھاکہ  پیشہ وارانہ تعلیم اور فنی تربیت کے پروگرامز کو بین الاقوامی مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے ۔ہنر مند افراد کی بیرون ملک روزگار مواقع بڑھانے کے حوالے سے اقدامات اٹھاے جائیں۔افرادی قوت ہمارا سرمایہ ہے, افرادی قوت کو عصری تقاضوں کے مطابق ہنر کی فراہمی کے حوالے سے جنگی بنیادوں پر کام کیا جائے۔ فنی اور پیشہ وارانہ تربیت کے موجودہ تمام مراکز کو فعال کیا جائے۔

نگران وفاقی کابینہ نے وفاقی وزارتِ تعلیم و فنی تربیت کی سفارش پر تکامل(Takamol) اور نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنکل ٹریننگ کمیشن کے مابین سروس لیول کے ترمیمی معاہدے،وفاقی وزارتِ تعلیم و فنی تربیت کی سفارش پر ایریا اسٹڈیز سینٹر، یونیورسٹی آف پشاور اور کوروینس (Corvinus)یونیورسٹی ہنگری کے سینٹرل ایشیاء ریسرچ سینٹر کے مابین معاہدے کی یادداشت پر دستخط کی منظوری دے دی۔

وفاقی کابینہ نے وفاقی وزارتِ خزانہ کی سفارش پر سمٹ بینک لمیٹڈ کا نام بینک مکرمہ لمیٹڈ رکھنے ،وفاقی وزارتِ داخلہ کی سفارش پر وفاقی کابینہ نے حکومت پاکستان اور حکومت ایکواڈور کے مابین معاہدے کی منظوری دے دی۔جس کے تحت دونوں ممالک کے ڈپلومیٹک، آفیشل اور اسپیشل پاسپورٹ ہولڈرز باہمی طور پر ویزا سے مستثنیٰ ہونگے ۔