لال حویلی ملکیت کیس،سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی

 لال حویلی ملکیت کیس،سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی
کیپشن: لال حویلی ملکیت کیس،سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی

ایک نیوز:لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ  نے لال حویلی ملکیتی تنازعہ کیس کی سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی کردی۔

تفصیلات کے مطابق لال حویلی ملکیتی تنازعہ کیس پر سماعت جسٹس مرزا وقاص رؤف نے کی۔ شیخ رشید اور انکے بھائی شیخ صدیق کی جانب سے ایڈووکیٹ سردار عبد الرازق خان عدالت میں پیش ہوئے۔متروکہ وقف املاک کی جانب سے ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر آصف خان اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل صدیق اعوان پیش ہوئے۔متروکہ وقف املاک نے لال حویلی کو سیل کرنے سے متعلق تفصیلی رپورٹ عدالت میں جمع کرادی۔

ایڈووکیٹ سردار عبد الرازق خان نے ریمارکس دیئے کہ متروکہ وقف املاک نے بغیر کسی نوٹس اور آرڈر کے لال حویلی کو سیل کیا،لال حویلی کو سیل کرنے کا فیصلہ یکطرفہ ہے ہمیں نہیں سنا گیا۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل    نے کہا کہ لال حویلی کو ٹرسٹ پراپرٹی ڈکلئیر ہونے کے بعد سیل کیا گیا ہے،چئیرمین متروکہ وقف املاک بورڈ ڈاکٹر عطاء الرحمان کے آرڈر کے بعد لال حویلی کو سیل کیا گیا، شیخ رشید اور انکے بھائی شیخ صدیق کی جانب سے پیش کی گئی رجسٹری کو جعلی قرار دیا گیا ہے۔

بعد ازاں عدالت نے فریقین کے دلائل کے بعد سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی کردی۔