انسانی اعضا کی غیرقانونی پیوندکاری کا گینگ سرغنہ سمیت گرفتار

انسانی اعضا کی غیرقانونی پیوندکاری کا گینگ سرغنہ سمیت گرفتار
کیپشن: انسانی اعضا کی غیرقانونی پیوندکاری کا گینگ سرغنہ سمیت گرفتار

ایک نیوز: نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ انسانی اعضاء کی غیرقانونی پیوند کاری میں ملوث گینگ کو سرغنہ سمیت گرفتار کر لیا ہے۔

 تفصیلات کے مطابق سی ایم آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے بتایا کہ انسانی اعضا کی غیرقانونی پیوند کاری میں ملوث گینگ کو سرغنہ سمیت گرفتار کر لیا ہے۔ڈاکٹر فواد گردوں کے غیرقانونی ٹرانسپلانٹ کے گینگ کا سرغنہ ہے، ڈاکٹر فواد نے تسلیم کیا کہ انہوں نے لوگوں کے غیر قانونی آپریشنز کیے۔ڈاکٹر فواد کا ایک شاگرد جو موٹر مکینک تھا ، وہ بھی آپریشن کر رہا تھا ، فواد اس سے پہلے بھی 5مرتبہ گرفتار ہو چکا ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ  ڈاکٹرفواد کے پورے گینگ کو گرفتار کر لیا گیا ہے، 8لوگوں کا گروپ تھا جو غیرقانونی آپریشن کرتا تھا، لاہور ، ٹیکسلا اور آزاد کشمیر میں غیر قانونی آپریشنز کیے جا رہے تھے،ایک پورا گروہ تھا جو لوگوں کو ٹرانسپلانٹ کیلئے گھیر کر لاتا تھا، ان لوگوں کو گرفتار کرتے ہوئے پنجاب پولیس پر بہت پریشرآیا کہ ان لوگوں کو گرفتار نہ کیا جائے۔

انکا مزید کہنا تھا کہ ان ملزموں کے ٹرائل کے حوالے سے مشاورت ہورہی ہے، ضرورت پڑی تو کیس ایف آئی اے کے حوالے کریں گے، لاہور پولیس بھی بہتر انداز میں کام کر رہی ہے۔