نوازشریف وطن واپسی،ہوم ورک،شیڈول مکمل،ٹکٹ کی ایڈوانس بکنگ

Oct 02, 2023 | 11:42 AM

JAWAD MALIK

ایک نیوز:مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف  نے وطن واپسی کیلئے ٹکٹ بک کرا لی۔

 تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ میاں نواز شریف 21اکتوبر کو لندن سے ابوظہبی انٹرنیشنل ایئرپورٹ لینڈ کریں گے،21اکتوبر کو نوازشریف ابوظہبی سے لاہور کیلئے روانہ ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نوازشریف کی نجی ایئر لائن کی پرواز 243کی ایڈوانس بکنگ کرا لی گئی،نجی ایئرلائن کی پرواز علامہ اقبال ایئرپورٹ پر شام 6بجکر 25منٹ پر لینڈ کرے گی، نوازشریف کیلئے بکنگ نجی ایئر لائن کی بزنس کلاس میں کرائی گئی ہے۔

ذرائع ن لیگ  کا کہنا ہےکہ قانونی ٹیم نے نواز شریف کی واپسی پر حفاظتی ضمانت سمیت تمام قانونی امور پر ہوم ورک مکمل کرلیا،سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی آمد اور مصروفیات پر شیڈول  بھی مرتب کرلیا گیا،میاں نواز شریف لندن سے  سعودیہ اور  عمرہ ادائیگی کے بعد  قطر اور پھر دبئی آئینگے،دبئی میں کچھ اہم مشاورت اور اہم ملاقاتوں کے بعد دبئی سے لاہور روانہ ہونگے۔

ذرائع  کا کہنا ہے کہ پاکستان آمد سے قبل ان کی چند روز کی حفاظتی ضمانت لی جائیگی،قانونی ٹیم نے میاں نواز شریف کی حفاظتی ضمانت سمیت دیگر امور پر ہوم ورک مکمل کرلیا،میاں نواز شریف کو وطن واپسی، قانونی امور پر بریفنگ بھی دیدی گئی، میاں نواز کی پاکستان آمد کیساتھ ہی ن لیگ کی انتخابی مہم کا  باقاعدہ آغاز ہوجائیگا۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ مینار پاکستان پر جلسہ کیلئےمیاں نواز شریف کو ایئر پورٹ سے جلسہ گاہ لایا جائیگا،میاں نواز شریف پہلے انتخابی و استقبالی جلسہ سے خطاب کے دوران ن لیگی منشور اور بیانیہ پیش کریں گے،میاں نواز پہلے جلسہ کے بعد قانونی ٹیم کی مشاورت سے عدالت سے اپنے کیسز پر رجوع کریں گے،میاں نواز شریف کی ٹیم قانونی طریقہ کار کے مطابق مستقل ضمانت کی استدعا بھی عدالت سے کریگی،ن لیگ کی قانونی ٹیم کو میاں نواز کی مستقل ضمانت اور کیسز کے ری ٹرائل کی قوی امید ہے۔

تصویر کے بعد تقریر بھی صرف نواز شریف کی،21 اکتوبر کو مینار پاکستان جلسے کے لیے مسلم لیگ ن نے نئی حکمت عملی تیار کرلی۔مسلم لیگ کابڑا فیصلہ،مینار پاکستان جلسہ سے صرف نواز شریف ہی تقریر کریں گے،مینار پاکستان جلسہ میں شہباز شریف سمیت کسی دیگر رہنما کا خطاب نہیں ہوگا۔

لیگی ذرائع کا کہنا ہے کہ جلسہ سے چیف آرگنائزر مریم نواز اور حمزہ شہباز بھی خطاب نہیں کریں گے,قائد ن لیگ کے خطاب سے قبل صدر ن لیگ لاہور سیف الملوک کھوکھرحاضرین کا شکریہ ادا کریں گے،نواز شریف اپنے خطاب میں مسلم لیگ ن کے کارکنان کو بیانیہ دیں گے،صرف نواز شریف کے خطاب کی تجویز چیف آرگنائزر مریم نواز کی جانب سے دی گئی،مریم نواز کی تجویز سے پارٹی کے بڑوں نے اتفاق کیا،ن لیگ نے اس سے قبل استقبالی سٹیکرز کو بھی نواز شریف کی تصویر تک محدود رکھا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے لاہور کے سابق ارکان قومی وصوبائی اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز کا اہم مشاورتی اجلاس آج ہوگا۔سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اجلاس کی صدارت کریں گے۔

اجلاس پارٹی کے مرکزی دفتر 180 ایچ ماڈل ٹاؤن لاہور میں ہو گا،اجلاس میں قائد محمد نواز شریف کی وطن واپسی اور استقبال کی تیاریوں کا جائزہ لیا جائے گا،اجلاس میں قائد نواز شریف کے فقید المثال استقبال سے متعلق مشاورت ہو گی اجلاس میں مجموعی قومی صورتحال پر بھی غور ہو گا۔

مزیدخبریں