ایک نیوز : مصر میں ایک تیز رفتار ٹرین میں 20 سالہ لڑکی نے ایک بچی کو جنم دیا جس کا نام شمسہ رکھا گیا۔
ٹرین اپنی پوری رفتار سے منزل کی جانب دوڑ رہی تھی اور اسی دوران 20 سالہ لڑکی کو زچگی کا درد شروع ہوگیا اور اس نے چیخنا شروع کردیا جب کہ ٹرین میں اس صورت حال سے نمٹنے کے لیے کوئی انتظام نہ تھا۔
20 سالہ حاملہ لڑکی اس لحاظ سے خوش قسمت ثابت ہوئی کہ اس وقت ٹرین میں ایک مرد گائناکالوجسٹ ڈاکٹر اسلام ابو شامہ اور ان کی بیوی ماہر اطفال بھی موجود تھے جنھوں نے حاملہ کی حالت دیکھتے ہوئے ڈلیوری ٹرین میں ہی کرانے کا فیصلہ کیا۔
ان ڈاکٹرز نے مسافروں سے اپیل کی کہ اگر کوئی پیرا میڈیکل اسٹاف ہے تو مشکل کی اس گھڑی میں آگے آئے۔ ڈاکٹرز کا یہ اعلان تمام ڈبوں میں کرایا گیا اور دو نرسز مل گئیں جنھوں نے ڈاکٹرز کی مدد کی۔
ڈاکٹرز نے ڈرائیور سے بات کرکے ٹرین کو کچھ دیر کے لیے رکوادیا اور ایک ڈبے کو عارضی لیبر روم بنالیا جس میں 20 لڑکی نے ایک صحت مند بچی کو جنم دیا۔ زچہ اور بچہ دونوں خیریت سے ہیں۔
سوشل میڈیا پر ڈاکٹر اسلام ابوشامہ اور ان کی اہلیہ کے جذبے کو سراہا جا رہا ہے اور انھیں قومی اعزاز سے نوازنے کا مطالبہ بھی کیا جا رہا ہے۔