ویب ڈیسک:وزیرِاعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ احتجاج کی فائنل کال صوابی میں دی جائے گی۔
تفصیلات کےمطابق اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات پر پابندی عائد کی گئی تھی، دوبارہ ایساکیا گیا تو ہماراپلان تیار ہے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ اب ہمیں موجودہ حکومت سے جان چھڑانی ہوگی، ملک میں آئین توڑا گیا، ملک میں قانون کی بالادستی نہیں ہے، فارم 47 کی حکومت سے ہمیں چھٹکارا حاصل کرنا ہے، اب ہم سر پر کفن باندھ کر نکلیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں مارا جاتا ہے، ہمارے ورکرز کو گرفتارکرلیا جاتا ہے، ایک کیس میں رہائی ہے دوسرے میں گرفتاری ہوجاتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 9 نومبر کو صوابی انٹرچینج پر جمع ہو رہے ہیں، صوابی میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا، فائنل کال صوابی میں دی جائے گی۔
خیال رہے کہ پی ٹی آئی کا 8 نومبر کو پشاور میں ہونے والا جلسہ منسوخ کر دیا گیا ہے، اس جلسے کے بجائے صوابی میں ٹینٹ ویلج کی تجویز پر غور کیا جارہا ہے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ گھر پر بتاکر نکلنا کہ واپس نہ آئیں تو جنازہ پڑھا دیں،اب ہم حکومت کے تابوت میں آخری کیل ٹھوکیں گے۔