8فروری کو عام انتخابات :صدر اورالیکشن کمیشن تاریخ پر متفق 

صدر اورالیکشن کمیشن عام انتخابات کی تاریخ پر متفق 
کیپشن: صدر اورالیکشن کمیشن عام انتخابات کی تاریخ پر متفق 

ایک نیوز : سپریم کورٹ کی ہدایت کے بعد صدر مملکت ، الیکشن کمیشن اور اٹارنی جنرل کے درمیان  8 فروری 2024 کو عام انتخابات کی تاریخ پر اتفاق ہوگیا۔

ایوان صدر کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم پر چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان سکندر سلطان راجہ کی اٹارنی جنرل برائے پاکستان منصور عثمان اعوان اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کے چار ممبران کے ہمراہ ایوان صدر میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی۔ جس میں آئندہ عام انتخابات کے انعقاد کیلئے تاریخ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق صدر مملکت نے الیکشن کمیشن کی جانب سے حلقہ بندیوں اور انتخابات کے حوالے سے کی گئی پیش رفت کو سنا اور تفصیلی بحث کے بعد اجلاس نے متفقہ طور پر ملک میں عام انتخابات 8 فروری 2024 کو کرانے پر اتفاق کیا۔

الیکشن کمیشن کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کی ہدایت پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سرابرہی میں ممبران صدر پاکستان سے ایوان صدر میں میں الیکشن کی تاریخ کے سلسلے میں ملاقات کی۔اعلامیے کے مطابق متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا گیا کہ الیکشن مورخہ 8 فروری بروز جمعرات منعقد ہوں گے ۔

اس سے قبل الیکشن کمیشن نے صدر مملکت کو تحریری طور پر11 فروری کو عام انتخابات کی تاریخ تجویز کی اور چیف الیکشن کمیشن کی جانب سے صدر مملکت کو خط ارسال کر دیا تھا۔تاریخ کے معاملے پرصدر مملکت نے بھی اپنی قانونی ٹیم سے مشاورت شروع کر دی ہے۔

قبل ازیں الیکشن کمیشن کے  وفدنے چیف الیکشن کمیشن کمشنر کی سربراہی میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی ۔وفد میں جسٹس (ر) اکرام اللّہ خان،شاہ محمود جتوئی اور بابر حسن بھروانہ  وفد میں شامل تھے ۔الیکشن کمیشن نے عام انتخابات  کے لئے تین تاریخیں صدر کے سامنے رکھی ہیں ،الیکشن کمیشن نے صدر کو بتایا کہ  ہم نے 11 فروری کی تاریخ سپریم کورٹ کو دی ہے۔الیکشن کمیشن کے وفد نے صدر مملکت عارف علوی کو28 جنوری ، 11 فروری اور 4 فروری کی تاریخ پیش کی ہے ۔صدر مملکت نے الیکشن کمیشن کے وفد کو کہا کہ الیکشن جنوری میں کرائے جائیں ۔


ملاقات میں چیف الیکشن کمشنر کے ساتھ چاروں ممبران اور ڈی جی لاءبھی  موجودتھے ۔ملاقات میں اٹارنی جنرل عثمان منصور بھی موجودتھے۔اٹارنی جنرل نے صدر پاکستان کو سپریم کورٹ کے حکم امروز سے آگاہ کیا۔ذرائع کےمطابق صدر مملکت اور چیف الیکشن کمشنر کے درمیان مسکراہٹوں کا تبادلہ ہوا،صدر نے حیرت انگیز خوشی کا اظہار کیا ۔