ایک نیوز: دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ قطر میں بھارتی جاسوسوں کا پکڑا جانا دیگر ممالک میں نیٹ ورک موجود ہونے کا ثبوت ہے۔
تفصیلات کے مطابق صحافیوں کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ پاکستان نے قطر میں بھارتی بحریہ کے افسران کو سزاے موت کی رپورٹس دیکھی ہیں۔ یہ بھارتی جاسوسی اور تخریب کاری نیٹ ورک کے دیگر ممالک، مشرق وسطیٰ اور دیگر خطوں میں موجودگی کی تصدیق کرتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا کہ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے فلسطینی صدر محمود عباس کو ٹیلی فون کیا اور یہی موقف دہرایا کہ اسرائیل مقبوضہ علاقے خالی کرے اور فلسطینیوں کو انسانی بنیادوں پر امداد کی فوری فراہمی یقینی بنائی جائے۔
ترجمان نے موقف اپنایا کہ مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین کے بارے میں اقوام متحدہ کی قراردادیں موجود ہیں لیکن ان پر عملدرآمد نہیں ہوا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے ہفتہ وار بریفنگ کے مطابق وزیر اعظم 8-9 نومبر کو ازبکستان, تاشقند کا دو روزہ دورہ کر رہے ہیں، انوار الحق کاکڑ اقتصادی تعاون تنظیم کے سمٹ میں شرکت کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ روانڈا کی سینیٹ کے صدر پاکستان کے دورے پر ہیں اور وہ پاکستان میں صدر مملکت، وزیر اعظم اور مختلف وزراء سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔ پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے معاملے پر ترجمان نے کہا کہ گزشتہ دنوں غیر ملکی تارکین وطن کے خلاف ایمیگریشن منصوبے پر عملدآمد شروع ہو گیا اور پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو پاکستان چھوڑنا ہوگا
مسئلہ کشمیر پر دفتر خارجہ نے موقف اپنایا کہ گزشتہ دنوں بھی بھارتی افواج کی جانب سے کئی کشمیریوں کو شہید اور زخمی کیا گیا۔ ہندوستان کا کشمیر میں نہ ختم ہونے والا سلسلہ تاحال جاری ہے اور پاکستان ان مظالم کا سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔