عوام کو قسطوں پر اسمارٹ فون فراہم کرنے کی ہدایت

Nov 02, 2023 | 12:08 PM

ایک نیوز: عام لوگوں تک اسمارٹ فونز پہنچانے کیلئے نگراں وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن ڈاکٹر عمر سیف نے اہم قدم اٹھالیا۔ پی ٹی اے کیلئے پالیسی ڈائریکٹیو جاری کرنے کی ہدایت کردی۔

تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر عمر سیف نے اعلیٰ سطح اجلاس سے خطاب کیا۔ جس میں پی ٹی اے، سیلولر آپریٹرز اور جی ایس ایم اے نے شرکت کی۔ 

وزیرآئی ٹی کا کہنا تھا کہ سیلولر آپریٹرز، سرمایہ کارکمپنیاں، بینکس قسطوں پراسمارٹ فونز کے پیکجز کا اعلان کریں۔ عوام کو سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے اور ڈیفالٹرز کے فون بلاک کیے جائیں گے، نادہندگان کیلئے اس سے اگلا قدم سم اور بعد ازاں قومی شناختی کارڈ بلاکنگ ہوسکتا ہے۔

انہوں ںے کہا کہ اس اقدام سے نادہنگان کی حوصلہ شکنی اوراسمارٹ فونز کے استعمال کا تناسب بڑھے گا، طلب میں اضافے سے موبائل فونز مینوفیکچررز انڈسٹری اور ملکی معیشت کو فائدہ پہنچے گا، دور دراز کے رہائشی کے ہاتھ میں فون، سیلولر آپریٹرز کیلئے بزنس کیسز بھی بنیں گے۔ 

ڈاکٹر عمر سیف کا کہنا تھا کہ کسی بھی بڑے فیصلے سے پہلے کئی طرح کی رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، تاریخ ان ہی افراد کو یاد رکھتی ہے جو رکاوٹوں کے باوجود ملک و قوم کیلئے بڑا کام کریں، ڈیجیٹل ورلڈ سے خود کو منسلک کرنے،ای کامرس کے فروغ کیلئے اسمارٹ فونز فار آل پالیسی ضروری ہے۔

وزیرآئی ٹی نے بتایا کہ افریقی ملک روانڈا کے اعلیٰ سطح وفد سے ملاقات میں بھی اسمارٹ فونز ایکسپورٹ کرنے سے متعلق اہم پیش رفت ہوئی، پاکستانی اسمارٹ فونز میں روانڈا حکومت نے خصوصی دلچسپی ظاہر کی ہے۔

مزیدخبریں