ایک نیوز: نگران حکومت، سیکیورٹی فورسز اور عسکری قیادت نے ملکی سالمیت اور نوجوانوں کے محفوظ مستقبل کے لیے سخت اقدامات لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حکومتی ایماء پر ماہ ستمبر سے ملک بھر میں منشیات فروشوں اور سپلائرز کے خلاف آپریشن کا آغاز کیا گیا۔ 22 اکتوبر سے29 اکتوبر تک کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر سے تقریباً 1079 کلو منشیات برآمد کی گئیں اور 45 سے زائد گرفتاریاں بھی عمل میں لائی گئیں۔
آپریشن کے دوران پنجاب سے 40، بلوچستان سے 507، خیبر پختونخوا سے 151، نارتھ سے 42 اور سندھ سے 338 کلو منشیات برآمد کی گئی۔ پنجاب سے 9 کلو ہشیش، 3.6 کلو ہیروئن، 5.4 کلو متھ اور 20.8 کلو افیم برآمد کی گئی۔
خیبرپختونخوا میں 10.9 کلو ہیروئن، 126 کلو ہشیش ، 12 کلو افیم اور 2.4 کلو متھ برآمد کی گئی۔ اسی طرح بلوچستان سے 85 کلو ہیروئن، 360 کلو ہشیش اور 36 کلومتھ برآمد ہوئی جبکہ سندھ سے 0.9 کلو ہیروئن اور 16 کلو ہشیش برآمد کرلی گئی۔
منشیات فروشوں کے خلاف آپریشن میں پنجاب سے 14, سندھ سے 10 ، بلوچستان سے 3 ، نارتھ سے 11 اور خیبرپختونخوا سے7 گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں۔ یکم ستمبر سے اب تک ملک بھر میں 29181 کلو منشیات برآمد اور 356 سے زائد گرفتاریاں عمل میں لائی جاچکی ہیں۔ نگران حکومت اور عسکری قیادت ملک بھر سے منشیات جیسی لعنت سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے پر عزم ہیں۔