حوالدار عبدالستار شہید کی بہادری کو قوم کا سلام

Nov 02, 2023 | 10:20 AM

ایک نیوز: شہدائے پاکستان کو سلام، وطنِ عزیز کی سلامتی کے لئے پاک فوج کے بے شمار جوانوں نے اپنے خون کی قربانیاں دیں۔

حوالدار عبد السّتار بے باک، نڈر اور وطن پر مر مٹنے کا عزم رکھنے والے جانباز مجاہد تھے۔ جہنوں نے وطنِ عزیز کی خاطر شہادت کو گلے لگایا۔

حوالدار عبد السّتار نے 28  ستمبر 2023 کو سمبازہ ژوب میں پاک افغان بارڈر پر دہشتگردوں کیخلاف آپریشن کے دوران بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

حوالدار عبد السّتار شہید کا تعلق ڈیرہ غازی خان سے ہے۔ شہید نے سوگواران میں والدین، بیوہ اور بچے چھوڑے۔ حوالدار عبد السّتار شہید کے ورثاء نے اپنے احساسات بیان کیے ہیں۔ 

شہید کی والدہ کا کہنا تھا کہ "میرا بیٹا بہت بہادر تھا، اپنے ملک کی خاطر دشمنوں کو جہنم رسید کیا"۔ "مجھے اپنے بیٹے کی شہادت پر بڑا ناز ہے"۔ "میرے بیٹے نے اپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے شہید ہو کے ملک و قوم کا نام دوشن کیا"۔ "میرا بیٹا بہت نیک اور اچھا تھا"۔

شہید کی بیوہ کا کہنا تھا کہ "جب شوہر کی شہادت کی خبر ملی تو میرے پیروں تلے زمین نکل گئی"۔ "میرے شوہر اپنے بچوں سے بہت پیار کرتے تھے"۔ "اپنے شوہر کی شہادت پر وقتی طور پر صدمہ ہوا لیکن انکی شہادت پر بہت فخر ہوا"۔

شہید کے بھائی کا کہنا تھا کہ "محاذ پر جانے سے پہلے بھائی بہت پر جوش تھا"۔ "بھائی نے دشمن کو نیست و نابود کرنے اور شہید ہونے کے لئے دعا کا کہا"۔ "بھائی کو ہمیشہ سے شہادت کی خواہش تھی"۔ "ہمیں فخر ہے کہ ہم شہید کے بھائی ہیں"۔ "میرا بھائی سب کا بہت خیال رکھتا تھا"۔

شہید کے دوست نے کہا کہ "عبد السّتار جب واپس ڈیوٹی پر جا رہا تھا تو شہید ہوکے واپس آنے کی دعا کا کہا"۔

حوالدار عبد السّتار شہید کی یہ عظیم اور لازوال قربانی تاریخ میں سنہری حروف کے ساتھ لکھی جائے گی۔

مزیدخبریں