ایک نیوز:غزہ میں وحشیانہ بمباری کےخلاف اردن نےاحتجاج کرتےہوئےاپنےسفیرکواسرائیل سےواپس بلالیا۔
عرب میڈیا کے مطابق اردنی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ غزہ میں جاری جنگ کے خلاف اسرائیل سے اپنے سفیر کو فوری واپس بلالیا ہے۔
اردنی وزارت خارجہ کامزید کہنا ہے کہ ہم نے اسرائیل سے اس کے سفیر کو اردن واپس نہ بھیجنے کا بھی کہا ہے، سفیروں کی واپسی اسرائیل کی غزہ میں جنگ روکنے سے مشروط ہے۔
اس سے قبل مقبوضہ فلسطین کے علاقے غزہ پر وحشیانہ بمباری اور بربریت کے خلاف بطور احتجاج جنوبی امریکا کے3 ممالک نے اسرائیل سے سفارتی تعلقات ختم کردیے۔
گزشتہ روز چلی اور کولمبیا نے اپنے سفیروں کو اسرائیل سے واپس بلا لیا تھا۔ اب بولیویا نے بھی اسرائیل سے سفارتی تعلقات منقطع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
واضح رہے کہ فلسطینی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی جارحیت سے مزید271 فلسطینی شہید ہوئے، جس کے بعد7 اکتوبر سے اب تک شہید ہونے والے افراد کی تعداد8796 ہوگئی ہے۔
مجموعی طور پر غزہ میں اب تک2290 خواتین اور3648 بچے شہید ہو چکے ہیں۔