ایک نیوز نیوز: سربراہ لاہور پولیس ایڈیشنل آئی جی غلام محمود ڈوگر نے رائیونڈ تبلیغی اجتماع کے مختلف پنڈال،سکیورٹی پوائنٹس،شرکا کی عارضی قیام گاہوں،پارکنگ سٹینڈز و متصل مقامات کا دورہ کیا اور لاہور پولیس کے سیکورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی آپریشنزافضال احمد کوثر،ایس ایس پی آپریشنزصہیب اشرف، ایس پی سکیورٹی، متعلقہ ایس پیز و دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔
ایڈیشنل آئی جی غلام محمود ڈوگر نے سکیورٹی، ٹریفک اور لاجسٹک انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس کی صدارت کے دوران منتظم رائیونڈ تبلیغی مرکز ڈاکٹر ندیم اشرف سے بھی ملاقات کی اور انتظامات بارے بھی گفتگو کی۔
ایڈیشنل آئی جی غلام محمود ڈوگر نے منتظم رائیونڈ مرکز کو یقین دلایا کہ لاہور پولیس رائیونڈ تبلیغی اجتماع کے شرکا کو بھرپور سکیورٹی فراہم کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ایس پی سکیورٹی صاعد عزیز اور ایس پی صدر ڈویژن حمزہ امان اللہ نے سی سی پی او لاہور کو سکیورٹی انتظامات بارے بریفنگ دی۔
ایس پی ٹریفک آصف صدیق نے ٹریفک اور پارکنگ انتظامات بارے آگاہ کیا۔سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے کہا کہ دنیا بھر سے رائیونڈ اجتماع کے انٹرنیشل ایونٹ میں آنے والے شرکا کی سکیورٹی لاہور پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ لاہور پولیس نے مذہبی اجتماع کے آرگنائزرز، ضلعی انتظامیہ اور دیگر الائیڈ محکموں کے اشتراک سے بہترین سکیورٹی پلان تشکیل دیا ہے جس کے تحت ڈویژنل ایس پیز کی زیر نگرانی ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز سمیت 2500 سے زائد پولیس افسران اور اہلکار تعینات کئے جائیں گے۔
تبلیغی مرکز کے 2200 سے زائد رضا کار بھی شرکا کی چیکنگ کے عمل میں لاہور پولیس کو معاونت فراہم کریں گے۔ایس پی ڈولفن سکواڈ کی زیر نگرانی پولیس ریسپانس یونٹ اور ڈولفن سکواڈ کی ٹیمیں بھی تبلیغی مرکز کے اطراف میں موثر پٹرولنگ کریں گی۔
سی سی پی او لاہور نے بتایا کہ رائیونڈ اجتماع کے دونوں مراحل میں08 سو سے زائد ٹریفک افسران اور اہلکار بھی تعینات ہونگے جبکہ شرکا کی گاڑیوں کیلئے مختلف مقامات پر 07 پارکنگ اسٹینڈ بنائے گئے ہیں جہاں 05 بریک ڈاؤن اور 20 فوک لفٹرز بھی تعینات ہیں۔
غلام محمود ڈوگر نے مزید کہا کہ اجتماع کے اطراف اور پارکنگ اسٹینڈز پر اینٹی وہیکلز لفٹنگ کا سٹاف بھی تعینات ہوگا جو وہیکلز چوری روکنے کے اقدامات کرے گا۔سی سی پی او لاہور نے کہا کہ فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کے پیش نظر رائے ونڈ اور ملحقہ آبادیوں میں گذشتہ کئی روز سے سرچ اینڈ سویپ آپریشنز بھی جاری ہیں،پولیس کنٹرول روم سے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹیز اور ضلعی انتظامیہ کی طرف سے نصب کئے گئے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے اجتماع کے داخلی و خارجی راستوں،پنڈال اور پارکنگ سٹینڈز سمیت اہم مقامات پر ہونے والی تمام سرگرمیاں اور لوگوں کی نقل و حرکت مسلسل مانیٹر کی جائے گی۔
سربراہ لاہور پولیس نے مزید کہا کہ اجتماع کے داخلی و خارجی راستوں پر واک تھرو گیٹس،میٹل ڈیٹکٹرز،اورجسمانی تلاشی کے تین درجاتی چیکنگ میکانزم سے گزرنے کے بعد ہی شرکاء کو اجتماع میں داخلے کی اجازت ہو گی۔سکیورٹی یقینی بنانے کے لئے واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز اورالیکٹرک بیرئیرزکا استعمال کیا گیا ہے۔
اجتماع کے داخلی و خارجی راستوں پر قائم چیک پوائنٹس پر اجتماع انتظامیہ کی جانب سے تعینات رضاکاروں کو بھی تعینات ہیں۔غلام محمود ڈوگر نے کہا کہ تمام افسران و جوان الرٹ ہو کر ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دیں اور اختتامی دعا کے بعد شرکاء کے انخلاء تک اپنے ڈیوٹی پوائنٹس ہرگز نہ چھوڑیں۔
انہوں نے کہاکہ کسی بھی غیر متعلقہ شخص یا گاڑیکو رائیونڈ اجتماع کے قریب نہ آنے دیا جائے۔اجتماع میں آنے والے شرکاء کسی بھی لاوارث بیگ،مشکوک اشیا کی صورت میں ڈیوٹی پر موجود پولیس جوانوں کو مطلع کریں یا 15پر اطلاع دیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ آتشزدگی کے واقعات سے محفوظ رہنے کے لیے شرکا تبلیغی اجتماع میں گیس سلنڈرز ہرگز مت لائیں۔انٹرنیشنل مذہبی اجتماع میں دنیا بھر سے لاکھوں عقیدت مند شرکت کر رہے ہیں۔