ایک نیوز نیوز: پی ٹی آئی لانگ مارچ کے دوران پرامن رہنے کے لیے حکومتی اتحاد پی ڈی ایم کے رہنماؤں سے حلف نامے لینے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے دوران پرامن رہنے کے لیے پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے متحرک رہنماؤں خصوصاً مارچ کے روٹ پر آنے والے سیاسی جماعتوں کے دفاتر کے منتظمین و رہنماؤں سے شورٹی بانڈ یا یقین دہانی ( حلف نامے) لینے کے بھی احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
علاوہ ازیں تحریک انصاف کے حقیقی آزادی مارچ (لانگ مارچ) کے دوران سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے راولپنڈی میں مزید نفری طلب کرلی گئی ہے۔ اس سلسلے میں بتایا گیا ہے کہ راولپنڈی ڈویژن کے 2 اضلاع راولپنڈی اور جہلم میں پنجاب کانسٹیبلری کی 4ہزار 200 سے زائد فورس بھی ضلعی پولیس کی معاونت کرے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ راولپنڈی اور جہلم کے 2اضلاع کی پولیس فورس کی معاونت کے لیے پنجاب کانسٹیبلری کی 184 ریزروز پر مشتمل 4ہزار 200 سے زائد فورس ڈیوٹی سرانجام دے گی۔ ضلع راولپنڈی میں پنجاب کانسٹیبلری کی141 ریزوز پر مشتمل فورس راولپنڈی پولیس کی دستیاب نفری کے ساتھ مل کر ڈیوٹی سرانجام دے گی۔
اس کے علاوہ پنجاب کانسٹیبلری کی 43 ریزوز پر مشتمل 900 سے زائد فورس ضلع جہلم کی پولیس کی دستیاب نفری کے ساتھ مل کر ڈیوٹی سرانجام دے گی۔ ذمہ داریاں سرانجام دینے کے لیے اضافی فورس دونوں اضلاع میں موجود ہیں۔