ایک نیوز نیوز: بھارتی پولیس کا آن لائن نیوز پورٹل دی وائر کے ایڈیٹرز کے دفاتر اور گھروں پر چھاپے ۔۔ ایڈیٹرز کے ڈیجیٹل آلات ضبط کرلئے گئے۔ آزادی اظہار کیخلاف اقدام پر صحافتی تنظیموں کا احتجاج اور اظہار تشویش
رپورٹ کے مطابق دہلی پولیس نے بی جے پی کے ترجمان امیت مالویہ کی جانب سے درج کی گئی ایف آئی آر پر کارروائی کرتے ہوئے یہ چھاپے مارے ہیں ۔ ایف آئی آر میں دی وائر کے خلاف دھوکہ دہی، جعلسازی، ہتک عزت، مجرمانہ سازش کے الزامات عائد کئے گئے ہیں۔
مالویہ نے دی وائر میں ٹیک کمپنی میٹا پر شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے حوالے سے ایف آئی آر درج کرائی ہے۔ تاہم سوشل میڈیا ثالث کی جانب سے درخواست پر ویب سائٹ کی جانب سے اس رپورٹ کو ہٹا دیا گیا تھا۔
پریس کلب آف انڈیا، دہلی یونین آف جرنلسٹس، پریس ایسوسی ایشن، ورکنگ نیوز کیمرہ مین ایسوسی ایشن، انڈین جرنلسٹس یونین، ڈیجی پب نیوز انڈیا فاؤنڈیشن اور کیرالہ یونین آف ورکنگ جرنلسٹس نے مشترکہ بیان جاری کیا ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ ایف آئی آر میں نامزد افراد کے ڈیجیٹل آلات ضبط کر لیے گئے ہیں اور اس کارروائی میں مناسب عمل کی پیروی بھی نہیں کی گئی۔
جبکہ دی وائر کی جانب سے اپنی رپورٹس واپس لینے اور اپنے قارئین کے لئے معافی نامہ جاری کرنے کے بعد بھی انتقامی کارروائی جاری ہے ۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے پریس کلب آف انڈیا کا خیال ہے کہ میڈیا کی ذمہ داری ہے کہ وہ رپورٹنگ کرے اور اسے ہر وقت رپورٹنگ کے لیے ذمہ دار ہونا چاہیے۔ خیال رہے کہ ایک روز قبل چھاپے کے دوران پولیس نے سدھارتھ وردراجن اور ایم کے وینو کے گھروں سے فون اور لیپ ٹاپ جیسے آلات بند کر دئے گئے تھے۔ پولیس نے کہا ہے کہ وہ ان آلات کو چیک کریں گے اور شواہد اکٹھے کریں گے۔