ایک نیوز نیوز: حال ہی میں شادی کے بندھن میں بندھنے والی اداکارہ مہربانو نے شادی کے تین ہفتوں بعد شوہر کے لیے جذباتی پوسٹ کرتے ہوئے بتایا ہے کہ شریک سفر نہ صرف ان کے پاؤں دباتے ہیں بلکہ وہ ان کے لیے ناشتہ اور رات کا کھانا بھی تیار کرتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اداکارہ مہربانو کی شادی کی خبریں ابتدائی طور پر گزشتہ ماہ کے آغاز میں سامنے آئی تھیں اور 10 اکتوبر کو میک اپ آرٹسٹ نے ان کی شادی کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کی تھیں۔
اس سے قبل اداکارہ نے رواں برس فروری میں پروڈیوسر شاہ رخ علی کے ساتھ خاموشی سے منگنی کی تھی اور انہوں نے اپنی منگنی سے متعلق بھی باضابطہ اعلان نہیں کیا تھا۔
شادی کی تصاویر وائرل ہونے کے تین ہفتوں بعد گزشتہ ہفتے 27 اکتوبر کو مہربانو نے شادی کرنے کی تصدیق کیے بغیر شادی کی تصاویر شیئر کی تھیں۔
اور اب انہوں نے پہلی بار شوہر کے لیے جذباتی پوسٹ شیئر کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ دونوں کے درمیان کئی سال سے دوستی اور تعلقات تھے۔
اداکارہ نے شوہر شاہ رخ علی کے ہمراہ رومانوی انداز میں کچھوائی گئی تصاویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ شریک سفر بننے سے قبل وہ ان کے کئی سال سے بہترین دوست تھے۔
View this post on Instagram
انہوں نے لکھا کہ شاہ رخ علی ان کے ایسے دوست تھے جو ان کا بہت ہی خیال رکھتے تھے، جب وہ ان کے ساتھ ہوتی تھیں تو خود کو محفوظ تصور کرتی تھیں مگر وہ یہ نہیں جانتیں تھیں کہ ان کے اور شاہ رخ کے درمیان محبت بھی ہے۔
اداکارہ نے شاہ رخ علی کی تعریفیں کرتے ہوئے لکھا کہ بطور شوہر وہ ان کی توقعات سے بھی زیادہ بہتر نکلے، وہ ان کے لیے ناشتہ تیار کرنے سمیت ان کے لیے رات کا کھانا بھی بناتے ہیں۔
مہربانو نے بتایا کہ جب وہ تھک جاتی ہیں تو شوہر ان کے پاؤں بھی دباتے ہیں جب کہ پریشانی کے وقت وہ انہیں ہنسانے کے لیے مسخرہ بن جاتے ہیں۔
اداکارہ مہربانو نے خواتین کو مشورہ دیا کہ وہ شادی اور اس کے بعد ہونے والے جھگڑوں سے نہ ڈریں، یہ بہت ہی پیارا عمل ہے، وہ خود کو مسائل تک محدود نہ رکھیں۔
ان کی پوسٹ پر متعدد شوبز شخصیات نے کمنٹس کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور انہیں مبارک باد بھی پیش کی۔
View this post on Instagram